ایچ ای سی کا سائنٹیفک انسٹرومینٹیشن پروگرام کے تحت جدید لیبارٹری سہولیات کی فراہمی کا اعلان

منگل 30 ستمبر 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی ) پاکستان نے سائنسی تحقیق کو فروغ دینے اور جدید لیبارٹری سہولیات کی فراہمی کے لیے سائنٹیفک انسٹرومینٹیشن پروگرام (اے ایس آئی پی) میں تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں اور تحقیق و ترقی (R&D) سے وابستہ اداروں کو شمولیت کی دعوت دے دی ہے۔یہ اقدام ایچ ای سی کی اس کوشش کا حصہ ہے جس کے تحت ملک بھر میں پی ایچ ڈی اسکالرز، سائنسدانوں اور تحقیق کاروں کو جدید تجزیاتی اور ٹیسٹنگ سہولیات تک باآسانی رسائی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایچ ای سی نے تمام فوکل پرسنز سے کہا ہے کہ وہ اپنی متعلقہ لیبارٹریز کے آلات و سہولیات کا تفصیلی ڈیٹا اے ایس آئی پی پورٹل کے ذریعے جمع کروائیں۔ درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 14 اکتوبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ اس اقدام سے پاکستان میں تحقیق کا معیار بہتر بنانے، جدید سائنسی آلات کے مؤثر استعمال اور قومی سطح پر تحقیقاتی اشتراک کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ ایچ ای سی کے مطابق یہ پروگرام نہ صرف موجودہ تحقیقاتی ڈھانچے کو مضبوط کرے گا بلکہ عالمی معیار کی ریسرچ کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم بھی فراہم کرے گا۔