اسرائیلی افواج کے انخلا پر وضاحت اور مزید بات چیت کی ضرورت ہے، قطر

غزہ میں فلسطینی انتظامیہ پر امریکا کے ساتھ بات چیت کی جائے گی، وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان

بدھ 1 اکتوبر 2025 14:35

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء)قطر کے وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان نے کہاہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کے کئی نکات وضاحت اور مذاکرات کے متقاضی ہیں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ سے اسرائیلی افواج کے انخلا کے معاملے پر وضاحت درکار ہے اور اسرائیلی افواج کے انخلا پر مزید بات چیت ہونی چاہیئے۔

قطر کے وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ روز جو پیش کیا گیا وہ اصولوں کی ایک فہرست تھی جس کی تفصیلات پر بات چیت کی ضرورت ہے۔قطری وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے تمام فریقین منصوبے کو تعمیری انداز میں دیکھیں گے، غزہ میں فلسطینی انتظامیہ پر امریکا کے ساتھ بات چیت کی جائے گی، اس کا اسرائیل سے کوئی تعلق نہیں، منصوبے میں جنگ بندی کو ایک واضح شق کے طور پر شامل کیا گیا ہے، امید ہے فریقین جنگ خاتمے کے موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

قطر کے وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم کی معافی کوئی احسان نہیں بلکہ ہمارا بنیادی حق تھا۔انہوں نے حماس پر واضح کیا کہ ہمارا اولین مقصد جنگ روکنا ہے، حماس نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے منصوبے کا جائزہ لینے کا وعدہ کیا ہے، ٹرمپ کا منصوبہ جنگ ختم کرنے کے بنیادی مقصد کو حاصل کرتا ہے۔قطری وزیراعظم نے کہا کہ منصوبہ ابتدائی مراحل میں ہے، قطر ایسا راستہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے جو فلسطینیوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔