وزارت بین الصوبائی رابطہ کا اسلام آباد کے طلبہ کے لئے نئی سپورٹس سہولیات کا تحفہ

بدھ 1 اکتوبر 2025 14:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی نے کہا ہے کہ طلبہ میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک بڑے اقدام کے طور پر وزارت بین الصوبائی رابطہ( آئی پی سی ) نے اسلام آباد کے گرلز کالجز کو دو جدید سپورٹس سہولیات کا تحفہ دیا ہے جو نوجوانوں کی جسمانی نشوونما کے لئے نئے دروازے کھولے گا۔

وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی، پارلیمانی سیکر ٹری آئی پی سی کرن عمران در اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ کی قیادت میں اسلام آباد کالج فار گرلز (آئی سی جی ) ایف 8/1 میں ایک نئی پیڈل ٹینس کورٹ اور آئی ایم سی جی ایف۔7/4 میں جدید فٹ بال گراؤنڈ کا افتتاح کیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ اقدام حکومت کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے کہ طلبہ کو زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ متحرک رہیں اور ٹیم ورک کو فروغ دیں اور صحت مند زندگی گزاریں۔

اس موقع پر سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ نے کہا کہ ہم ہر ہفتے اسلام آباد کے نوجوانوں کے لئے خوش خبری لاتے رہیں گے ۔ کھیل اور طالب علم مل کر ایک مضبوط مستقبل کی ضمانت ہیں۔ یہ نئی سہولیات ہماری نوجوان نسل کے لئے ایک تحفہ ہیں تاکہ وہ صرف تعلیم میں نہیں بلکہ جسمانی سرگرمیوں میں بھی نمایاں کارکردگی دکھا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نوجوانوں کی ترقی کے لئے پُرعزم ہے اور ہم یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ اسلام آباد کا ہر بچہ معیاری سپورٹس انفرااسٹرکچر تک رسائی حاصل کر سکے۔

یہ اقدامات ایک صحت مند، مضبوط اور روشن پاکستان میں سرمایہ کاری ہیں۔ یہ نئی سہولیات باقاعدہ طور پر طلبہ سرگرمیوں، کالجوں کے درمیان مقابلوں اور کھیلوں کے میلوں کی میزبانی کریں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔ ان اقدامات کے ساتھ وزارت بین الصوبائی رابطہ( آئی پی سی )نے ایک بار پھر نچلی سطح پر کھیلوں کو فروغ دینے اور طلبہ کو صحت مند ترقی کے ذرائع کے ذریعے بااختیار بنانے کے مشن کو مضبوط کیا ہے۔