سیالکوٹ،پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ناقص خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں،ملک کولیکشن سنٹر بند ،متعدد یونٹس کو جرمانے عائد کئے

بدھ 1 اکتوبر 2025 16:59

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ناقص خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئےملک کولیکشن سنٹر بند جبکہ متعدد یونٹس کو جرمانے عائد کر دئیے،ترجمان فوڈ اتھارٹی سیالکوٹ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں ملاوٹی اور ناقص خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔

پنجاب پیور فوڈ ریگولیشنز کی سنگین خلاف ورزیوں پر چائنہ چوک پر واقع ایک ملک کولیکشن سنٹر کو بند کرتے ہوئے مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ کولیکشن سنٹر ملاوٹی دودھ کی سپلائی میں ملوث تھا۔ترجمان نے بتایا کہ مزید کارروائیوں کے دوران معروف سویٹس اینڈ بیکرز، دو ریسٹورنٹس اور ایک آئس کریم پوائنٹ کو صفائی کے ناقص انتظامات، لازمی ریکارڈ اور میڈیکل و ٹریننگ کے سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی پر دو لاکھ 70 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ میں ملاوٹ کرنے والے معاشرے کے لیے ناسور ہیں اور ان کے کاروبار کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر میں دن رات کارروائیاں جاری ہیں۔