دہشت گردوں کی ایسی کارروائیاں عوام اور ملک کے حوصلے کو ہرگز کمزور نہیں کر سکتیں ، سابق صوبائی وزیر میر عمر خان جمالی اور میجر(ر)میر جاوید خان

بدھ 1 اکتوبر 2025 17:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) سابق صوبائی وزیر میر عمر خان جمالی اور میجر(ر) میر جاوید خان جمالی نے کوئٹہ میں ہونے والے المناک دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ ایک قومی المیہ ہے جس نے پورے بلوچستان کو غم و اندوہ میں مبتلا کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور دہشت گردوں کو ان کے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی ایسی کارروائیاں عوام اور ملک کے حوصلے کو ہرگز کمزور نہیں کر سکتیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

(جاری ہے)

میر جاوید خان جمالی اور میر عمر خان جمالی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بہادر سکیورٹی اداروں کے افسران اور جوانوں نے وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جو بے مثال اور لازوال قربانیاں دی ہیں، ان پر پوری قوم کو فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کی جانیں ضائع ہونا ناقابل تلافی نقصان ہے جس کی بھرپائی ممکن نہیں۔ انہوں نے شہدا ءکے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ہم ان کے ساتھ ہیں، جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔