پہلگام واقعے پر مبنی پاکستانی ٹیلی فلم بے گناہ کا ٹیزر جاری

بدھ 1 اکتوبر 2025 23:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء) پہلگام واقعے پر مبنی پاکستانی ٹیلی فلم بے گناہ کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔گرین انٹرٹینمنٹ چینل بہت جلد پہلگام تنازع پر مرکوز ٹیلی فلم بے گناہ پیش کرنے والا ہے، جو رواں سال اپریل میں مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں پیش آنے والے واقعے پر توجہ مرکوز کرے گی۔

رواں سال اپریل میں مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں اچانک فائرنگ ہوئی جس میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہوئے، جن میں کچھ غیر ملکی سیاح بھی شامل تھے، تاہم زیادہ تر ہلاک شدگان بھارتی سیاح تھے۔بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا اور اس کے جواز کے طور پر پاکستان کے خلاف آپریشن سندور شروع کر دیا۔بعدازاں پاکستان نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے چھ طیارے مار گرائے، جن میں فرانسیسی طیارہ رافیل بھی شامل تھے اور اس کارروائی کو پاکستان کی جانب سے معرکہ حق کا نام دیا گیا۔

(جاری ہے)

بھارت نے اس واقعے پر مبنی فلم آپریشن سندور بنانے کا اعلان کیا، تاہم پاکستان نے بھارتی پروپیگنڈے سے پہلے ہی اسی واقعے پر مبنی ٹیلی فلم بے گناہ کی ریلیز کا اعلان کردیا۔ٹیلی فلم کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا گیا جس سے کہانی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کے جھوٹے الزامات لگائے جائیں گے اور پاکستان کی جوابی کارروائی کو اجاگر کیا جائے گا۔

بے گناہ کے پروڈیوسرز کے مطابق یہ ٹیلی فلم بھارتی پروپیگنڈے کا جواب ہے اور اسے حوصلے اور قربانی کی کہانی کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ٹیلی فلم کی کہانی علی معین اور عرفان چانڈیو نے لکھی ہے، ہدایت کاری شمعون عباسی نے کی ہے، فلم میں شمعون عباسی، حسن نیازی، فراز فاروقی، کامران جیلانی، سلیم شیخ اور دیگر اداکار شامل ہیں۔متوقع ہے یہ ٹیلی فلم بہت جلد گرین انٹرٹینمنٹ چینل پر نشر کی جائے گی۔