ایبٹ آباد کے نوجوان کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہامنوا کر ملک کانام روشن کیا،ڈپٹی کمشنر

بدھ 1 اکتوبر 2025 19:40

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد کے نوجوان کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر نہ صرف شہر بلکہ پورے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ یہ کامیابیاں ان نوجوانوں کی محنت، جذبے اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا، جو ان باصلاحیت کھلاڑیوں کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نےکھلاڑیوں کو 50 ہزار روپے نقد انعام سے نوازا اور ان کی کامیابیوں کو سراہا۔حال ہی میں تھائی لینڈ میں منعقدہ ہیروز تائیکوانڈو انٹرنیشنل چیمپئن شپ 2025 میں ایبٹ آباد کے کم عمر کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف کیٹیگریز میں تمغے اپنے نام کیے۔

(جاری ہے)

30 کلوگرام کیٹیگری میں زینب وسیم، 33 کلوگرام کیٹیگری میں محمد موسیٰ وسیم، اور 40 کلوگرام کیٹیگری میں مریم نور نے گولڈ میڈلز جیت کر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا، جبکہ 36 کلوگرام کیٹیگری میں احمد جان نے کانسی (برانز) کا تمغہ حاصل کیا۔

ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والی دو باہمت خواتین کھلاڑی مقدّس طارق اور مومنہ طارق نے جاپان میں منعقدہ اوکی ناوا لیکروس چیمپئن شپ 2025 میں پاکستان لیکروس قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وننگ ٹرافی اپنے نام کی۔ ان انفرادی اور اجتماعی کامیابیوں نے ایبٹ آباد کو عالمی اسپورٹس نقشہ پر مزید نمایاں کر دیا ہے۔

اس تقریب میں ریجنل اسپورٹس آفیسر احمد زمان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فائنانس اینڈ پلاننگ ازکی فاطمہ بھی موجود تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں کے جذبہ کو سراہا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ان نوجوانوں کی سرپرستی جاری رکھے گی تاکہ انہیں مزید ترقی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ایبٹ آباد کے یہ نوجوان کھلاڑی محنت، لگن اور عزم کی روشن مثال ہیں۔ ان کی کامیابیاں نہ صرف ایبٹ آباد بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہیں، اور نوجوان نسل کے لیے ایک واضح پیغام ہیں کہ جذبہ، تسلسل اور ثابت قدمی کے ساتھ دنیا کے کسی بھی میدان میں کامیابی ممکن ہے۔