پاکستان کا مستقبل ٹیکنیکل اور سکلز بیسڈ پروگرامز سے وابستہ ہے ، حکومت نوجوانوں کو عالمی رجحانات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پرعزم ہے، رانا مشہود احمد خاں

جمعرات 2 اکتوبر 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل ٹیکنیکل اور سکلز بیسڈ پروگرامز سے وابستہ ہے جو نوجوانوں کو ملکی و بین الاقوامی مواقع کے لیے تیار کرتے ہیں۔وہ جمعرات کو یہاں انٹرنیشنل ڈائیلاگ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوانوں سے متعلق پالیسی اب صرف روایتی تعلیم تک محدود نہیں رہی، ہم صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور گرین اکانومی میں بھی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نوجوانوں کو عالمی رجحانات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔رانا مشہود احمد خاں نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام لاکھوں نوجوانوں کو سہولتیں، مواقع اور ٹریننگ پلیٹ فارمز فراہم کر رہا ہے، اب نوجوان اپنے گھروں سے آن لائن رجسٹریشن کرا سکتے ہیں جس سے یہ پروگرام خطے کے سب سے زیادہ قابل رسائی سرکاری اقدامات میں شمار ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 7 ہزار سے زائد کمپنیاں پی ایم وائی پی کے ساتھ رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جو نوجوانوں کے لیے نوکریاں، انٹرن شپس اور ٹریننگ فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان ملک کے اندر اور بیرون ملک اپنی صلاحیتوں سے وطن کا نام روشن کر رہے ہیں۔انہوں نے حال ہی میں شروع کی گئی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی (این وائے ای پی) کو "گیم چینجر" قرار دیا۔

اس پالیسی کے تحت 18 لاکھ نوجوانوں کو بیرون ملک ملازمتیں فراہم کرنے، ہر ضلع میں ایمپلائمنٹ ایکسچینجز قائم کرنے اور ان نوجوانوں کی تعداد کم کرنے پر توجہ دی گئی ہے جو تعلیم، روزگار یا ٹریننگ میں شامل نہیں۔ اس پالیسی میں گرین جابز، انٹرپرینیورشپ اور خواتین کی شمولیت کو ترجیح دی گئی ہے جبکہ آئی ٹی، زراعت، صحت، مینوفیکچرنگ، سیاحت، لاجسٹکس اور اوورسیز ایمپلائمنٹ سمیت دس سٹریٹجک سیکٹرز کی نشاندہی کی گئی ہے۔

رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان کی لیبر مارکیٹ میں ہر سال 20 سے 30 لاکھ نوجوان داخل ہوتے ہیں جبکہ ملک کی تربیتی استعداد صرف 4 لاکھ کے قریب ہے، اس خلا کو پر کرنے کے لیے سکل ڈویلپمنٹ اور بین الاقوامی مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی ہفتے مراکش میں او آئی سی یوتھ کیپیٹل 2025 کے تحت منعقدہ "والنٹیئرز اینڈ یوتھ گیدرنگ" میں بھی پاکستان کا یوتھ وژن عالمی سطح پر پیش کیا گیا جہاں ڈیجیٹل یوتھ ہب اور والنٹیئرازم کو سماجی تبدیلی کا اہم ذریعہ قرار دیا گیا۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستانی نوجوان اس ملک کی اصل طاقت ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت ہم انہیں تعلیم، ہنر، انٹرپرینیورشپ اور عالمی مواقع کے نئے راستے فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ وہ دنیا کی بہترین قوموں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس لیے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کوئی انتخاب نہیں بلکہ وقت کی ضرورت ہے۔ چیئرمین نے زور دیا کہ نوجوانوں کی ترقی پاکستان کے معاشی مستقبل اور عالمی وقار کا مرکزی ستون ہے۔