جامع مسجد مفتی محمود ڈپو ون کا قضیہ خوش اسلوبی سے طے، افہام و تفہیم سے حل پر اتفاق

جمعہ 3 اکتوبر 2025 14:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء) جامع مسجد مفتی محمود (ڈپو ون داؤد چورنگی ملیر) کے قضیے کو بالآخر افہام و تفہیم اور خوشگوار فضا میں طے کرلیا گیا۔ یہ پیش رفت جمعیت علمائے اسلام سندھ، کمشنر کراچی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، ڈی سی ملیر اور بی آر ٹی انتظامیہ کے درمیان دو روز تک جاری رہنے والے طویل مذاکرات کے نتیجے میں سامنے آئی۔

جے یو آئی سندھ کے وفد کی قیادت صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کی، جبکہ وفد میں مولانا عبدالکریم عابد، مولانا سید حماد اللہ شاہ ، مولانا محمد غیاث ، اور مولانا سمیع الحق سواتی شامل تھے۔ وفد نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ڈپٹی کمشنر ملیر سلیم اللہ اوڈھو اور بی آر ٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی۔

(جاری ہے)

جے یو آئی کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ خوش آئند ہے ، بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی ایک روشن مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے جامع مسجد مفتی محمود(ملیر)کا قضیہ بالآخر خوش اسلوبی سے حل ہوگیا ہے اور اب تعمیر نو کا عمل اسی مقام پر شروع ہوگا۔جے یوآئی سندھ ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی کے مطابق بات چیت کے دوران مختلف تجاویز زیرِ غور آئیں تاہم بالآخر اس امر پر اتفاقِ رائے ہوا کہ جامع مسجد مفتی محمود وہیں دوبارہ تعمیر کی جائے گی جہاں اسے شہید کیا گیا تھا۔ اس فیصلے پر تمام فریقین نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔