اسلام آباد پریس کلب پر پولیس کے حملے اور صحافیوں پر ہونے والے بہیمانہ تشدد پر کے یوجے کی شدید مذمت

جمعہ 3 اکتوبر 2025 13:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء)کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر نصراللہ چوہدری، سیکریٹری ریحان خان چشتی اور مجلسِ عاملہ نے اسلام آبادپریس کلب پر پولیس کے حملے اور صحافیوں پر ہونے والے بہیمانہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس افسوسناک واقعے کو نہ صرف آزادی صحافت پر کھلا حملہ بلکہ جمہوری اقدار کو روندنے کے مترادف قرار دیا ہے،کے یو جے صدرنصراللہ چوہدری اور سیکریٹری ریحان خان چشتی نے اپنے بیان میں اسلام آباد پریس کلب پر پولیس کے دھاوے اور صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے دہشتگردی قرار دیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کیخلاف فوری کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد جیسے حساس مقام پر پریس کلب کو نشانہ بنانا ملک میں میڈیا کے لیے خطرناک رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کا مقصد صحافیوں کی کردار کشی کرنا، انہیں دباو میں لانا اور اظہار رائے کو سلب کرنا ہے،ایک طرف حکومت آزادی صحافت کے تحفظ کیدعوے کرتی ہے اور دوسری جانب اداروں کے اہلکار میڈیا کو دبانے کے لیے طاقت کا استعمال کر رہے ہیں، ان اقدامات کے خلاف ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی اور آئینی و قانونی جدو جہد کے تمام آپشن استعمال کئے جائیں گے۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور اسلام آباد پریس کلب کے ساتھ کھڑا ہے اور اس واقعے پر خاموش نہیں بیٹھے گے اگر ملوث اہلکاروں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائے یہ محض ایک کلب پر حملہ نہیں بلکہ صحافت کی اجتماعی آواز کو دبانے کی کوشش ہے۔