اسرائیلی فورسز کی کارروائی، غزہ جانے والے قافلے سے 20 غیر ملکی صحافی گرفتار

جمعہ 3 اکتوبر 2025 21:38

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اکتوبر2025ء) پیرس میں قائم میڈیا واچ ڈاگ رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز نے غزہ جانے والے امدادی قافلے کی کوریج کرنے والے "20 سے زائد غیر ملکی صحافیوں" کی اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ بیان کے مطابق صحافی گزشتہ ماہ روانہ ہونے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر سوار تھے جو غزہ کے لیے امداد لے جا رہا تھا۔

اقوام متحدہ نے حال ہی میں خبردار کیا ہے کہ غزہ میں قحط جیسی صورتحال ہے۔بدھ اور جمعرات کے درمیان اسرائیلی بحریہ نے ان کشتیوں کو روک کر گرفتاری کی، جن میں سیاستدان اور کارکنان بھی شامل تھے، جن میں سویڈش مہم جو گریٹا تھنبرگ بھی شریک تھیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق 400 سے زائد افراد کو غزہ جانے سے روکا گیا۔

(جاری ہے)

RSF کے کرائسس ڈیسک کے سربراہ مارٹن روکس نے کہا ہے کہ صحافیوں کو گرفتار کرنا اور ان کے کام کو روکنا، معلومات فراہم کرنے اور حاصل کرنے کے بنیادی حق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ادارے کے مطابق گرفتار شدہ صحافیوں کا تعلق اسپین کے El Pais ، قطر کے الجزیرہ اور اٹلی کے سرکاری نشریاتی ادارے RAI سے ہے۔ میڈیا اداروں کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد سے انہیں اپنے نمائندوں کی کوئی خبر نہیں ملی۔اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ گرفتار شدگان کو یورپ واپس بھیج دے گا، اور دعویٰ کیا کہ کسی بھی جہاز نے غزہ کی سمندری ناکہ بندی کی خلاف ورزی نہیں کی۔قابل ذکر ہے کہ جنگ کے آغاز سے اسرائیل نے غیر ملکی صحافیوں کو آزادانہ طور پر غزہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی۔ صرف چند منتخب میڈیا اداروں کو اسرائیلی فوج کے ساتھ محدود رپورٹنگ کی اجازت ملی ہے، جس پر سخت سنسر شپ عائد ہے۔