لندن سے چوری شدہ گاڑی کی کراچی میں موجودگی، انٹرپول سے ٹریکرز ایکٹیویٹی لاگ طلب

جمعہ 3 اکتوبر 2025 19:25

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء)لندن سے چوری شدہ گاڑی کی کراچی میں موجودگی کی اطلاع پر پاکستان نے انٹرپول سے ٹریکرز ایکٹیویٹی لاگ مانگ لیا۔برطانیہ کے ہیروگیٹ سے نومبر 2022 میں چوری شدہ گاڑی کے کراچی پہنچنے کے معاملے پر اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) نے انٹرنیشنل پولیس (انٹرپول) کو جوابی مراسلہ بھیج دیا ہے اور گاڑی کے سیٹلائٹ ٹریکر کی فروری 2025 سے تاحال ٹریکرز ایکٹیویٹی لاگ مانگ لیا ہے۔

اے وی ایل سی کے ایس ایس پی امجد شیخ نے بتایا کہ ٹریکر لاگ میں یہ جانچ کی جائے گی کہ گاڑی کن کن ممالک کی لوکیشنز سے گزری ہے، مہنگی یورپی گاڑیوں میں عموماً سیٹلائٹ ٹریکرز نصب ہوتے ہیں، اس لیے ٹریکر ایکٹیویٹی لاگ ہمیں گاڑی کے روٹ اور ممکنہ شمولیت کاروں کے بارے میں اہم شواہد فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انٹرپول کی جانب سے موصول ہونے والے ابتدائی خط میں گاڑی کی موجودہ لوکیشن کورنگی روڈ، اعظم بستی بتائی گئی تھی، اس اطلاعات کی روشنی میں کراچی پولیس کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی امجد شیخ نے کہا کہ جب چوری شدہ گاڑی پکڑی جائے گی تو تفتیش سے معلوم کیا جائے گا کہ یہ گاڑی پاکستان میں کیسے داخل ہوئی، ممکن ہے گاڑی کے ساتھ جعلی یا ناقص دستاویزات بھی ہونگے جس کی بنیاد پر گاڑی کو ایشیا میں اسمگل کیا گیا ہو یہ بھی تفتیش کا ایک رخ ہوگا۔واضح رہے کہ یہ گاڑی نومبر 2022 میں برطانیہ کے علاقے ہیروگیٹ سے چوری ہوئی تھی اور اب کراچی میں اس کی موجودگی سے متعلق انٹرنیشنل اور مقامی سطح پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔