فیصل آباد ریجن میں رواں سال سنگین جرائم میں 29 فیصد کمی، 8971 اشتہاری ،316خطرناک گینگز کے 819ملزمان گرفتار

جمعہ 3 اکتوبر 2025 20:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) فیصل آباد ریجن میں رواں سال سنگین جرائم 29 فیصد کم ہوئے، ریجنل پولیس نے 8971 اشتہاری جبکہ 316خطرناک گینگز میں شامل 819ملزمان گرفتار کئے۔ ترجمان ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر رضوان بھٹی نے بتایا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات آر پی او ذیشان اصغر کی سربراہی میں ریجن فیصل آباد میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کر یک ڈاؤن جاری ہے۔

رواں سال2025میں سال 2024کے مقابلے میں سنگین جرائم میں واضح کمی آئی جس میں رابری معہ قتل میں 37فیصد، ڈکیتی میں 67فیصد، رابری میں 35فیصد، موٹر سائیکل چوری میں 24فیصد، موٹر سائیکل چھیننامیں 35فیصد کمی ہوئی ۔ سال 2025 میں ٹوٹل سنگین جرائم کی شرح سال 2024 کے مقابلے میں 29فیصد کم رہی ۔

(جاری ہے)

ریجنل پولیس نے رواں سال 2025 ء کے دوران 316خطرناک گینگز گرفتار کیے گئے ۔

ان گینگز میں شامل ملوث اور مطلوب 819ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گینگز کی گرفتاری سے 2914 مقدمات یکسو ہوئے۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 73وہیکلز ،1310 موٹرسائیکلز، 96تولے طلائی زیور ات، 289 عدد موبائل فون، 373مویشی اور تقریباً2.1 بلین روپے سے زائد نقدی برآمد ہوئی۔ ترجمان نے بتایا کہ منشیات فروشوں کے خلاف 5194 مقدمات درج کرتے ہوئے 5206 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

ملزمان کے قبضہ سے چرس 2419 کلوگرام، آئس81کلوگرام، شراب 71278لیٹر، افیون 282 کلو گرام اور ہیروئن 423کلو گرام برآمد کرکے پولیس تحویل میں لی گئی۔ ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4422 ملزمان کو گرفتار کرکے پسٹل3726، ریوالور27، بندوقیں 281،کلاشنکوف107،رائفلیں 281اور15473گولیاں برآمد کی گئیں۔۔ کائیٹ فلائینگ کے خلاف 290مقدمات درج کرتے ہوئے308 ملزمان گرفتار کیے گئے اوران کے قبضہ سے 34129 کائیٹس اور 1430ڈور چرخیاں برآمد کرکے پولیس تحویل میں لی گئیں۔

انسداد جرائم کو کنٹر ول کر نے کے ساتھ ساتھ کیٹگری اے کے2714اور کیٹگری بی کے 6257 مجرمان اشتہاری جبکہ کیٹگری اے کے445 اور کیٹگری بی کے5083عدالتی مفروران کی گرفتار ی عمل میں لائی گئی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ آرپی او فیصل آباد ذیشان اصغر نے ضلعی افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ سٹریٹ کرائم بالخصوص ڈکیتی و راہزنی،ہاؤس رابری کے خاتمہ اور اس میں کمی کے لیے موثراورقابل عمل حکمت عملی اختیار کی جائے۔

پولیس پٹرولنگ کو نتیجہ خیز،مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری اور ریکارڈ یافتہ مجرمان سے پوچھ گچھ کا عمل اختیارکر تے ہو ئے جرائم میں کمی لائی جائے۔مزید انہوں نے کہا کہ ہاٹ کرائم سپاٹس کی نشاندہی کی جائے۔جرائم میں ملوث گینگز کے گرد گھیر ا تنگ کیا جائے اور ان کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں پابند سلا سل کیا جائے۔ منشیات فروشوں،جوئے کے اڈوں اور قحبہ خانوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔سنگین مقدمات میں ملزما ن کی گرفتار ی کو یقینی بنایا جائے۔