پنجاب حکومت صوبہ بھرمیں نئے سرکاری ہسپتالوں کا جال بچھارہی ہے، سلمان رفیق

جمعہ 3 اکتوبر 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ بینش فاطمہ ساہی،چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق بھٹی،ایڈیشنل سیکرٹری امیرمحمد،آئی ڈیپ سے سی او او مائرہ علی، جنرل منیجر شہزاد نذیر لغاری اور چیف سٹریٹیجی آفیسر فیضان احمد ریاض، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایل ڈی اے خرم، سی ای او پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف و دیگرافسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق حکومت صحت کے شعبہ میں اربوں روپوں کے انقلابی اور تاریخی اقدامات اٹھارہی ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کے تحت لاہورمیں چلڈرن ہسپتال 2اینڈانسٹیٹیوٹ آف جنیٹک اینڈبلڈ ڈیزیزز، انسٹیٹیوٹ آف سرجیکل، آرتھوپیڈک اینڈمیڈیکل ری ہیبلی ٹیشن، سنٹرآف ایکسی لینس فارنرسنگ ایجوکیشن، سپیشلائزڈمیڈیکل ہسپتال، کارڈیک ہسپتال، میڈیکل یونیورسٹی اوراسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگناسٹک لیب بنائی جائے گی۔

آئی ڈیپ کو صحت کے تمام نئے پراجیکٹس پر تیزی سے کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب صوبہ بھرمیں نئے سرکاری ہسپتالوں کا جال بچھارہی ہے۔عوام کو ان کی دہلیزپرصحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے کہاکہ متعلقہ افسران نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے پراجیکٹ کو مسلسل مانیٹر کریں گے۔