ض*ناجائز منافع خوری پر بھاری جرمانے اور مقدمات درج کیے جائیں گی: ڈی سی لاہور

۹ضلعی انتظامیہ لاہور کا گراں فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن ، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہریوں کو ریلیف

جمعہ 3 اکتوبر 2025 21:25

4لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اکتوبر2025ء) ضلعی انتظامیہ لاہور نے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی سربراہی میں پرائس کنٹرول مہم کو مزید مؤثر بنا دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق شہریوں کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے، جس کے تحت شہر بھر میں اسسٹنٹ کمشنرز لاہور، پرائس مجسٹریٹس اور پیرا سٹاف کی جانب سے مارکیٹوں اور بازاروں کی مسلسل چیکنگ جاری ہے۔

مانیٹرنگ کے نتیجے میں پیاز، ٹماٹر اور کھیرا سمیت 14 سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام برقرار رہا ہے۔ ایک اہم پیش رفت کے طور پر، گوبھی اور لیموں کی قیمتوں میں 10، 10 روپے فی کلو کمی جبکہ آلو، بینگن اور دیسی لہسن کی قیمتوں میں 5، 5 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے۔ پھلوں کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے، جہاں ناشپاتی 30 روپے فی کلو اور کیلے کی قیمت میں 10 روپے فی درجن کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ روٹی 14 روپے اور چینی 175 روپے فی کلو پر فروخت ہو، جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 اور 20 کلو کا تھیلا 1810 روپے پر آسانی سے دستیاب ہو۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے واضح ہدایت کی ہے کہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، یہ عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔

انہوں نے حکم دیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں اور بار بار خلاف ورزی پر مقدمات درج کیے جائیں۔ نیز، پرائس لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ شکایات کے لیے کنٹرول روم نمبر 03070002345 پر یا سوشل میڈیا پر رابطہ کر سکتے ہیں