صدرمسلم کانفرنس کی اسلام آباد پولیس اور آزادکشمیر پولیس کے زخمی اہلکاروں کی عیادت

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 15:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان نے اسلام آباد میں آزادکشمیر میں حالیہ احتجاج کےدوران زخمی ہونے والے اسلام آباد پولیس اور آزادکشمیر پولیس کے اہلکاروں کی عیادت کی۔ ہفتہ کو پمز ہسپتال کے دورے کے موقع پر زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے صدرمسلم کانفرنس نے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کا پرامن خطہ اچھی روایات اور میزبانی کے لئے ملک بھر میں مشہور ہے۔

مجھے افسوس ہے کہ مٹھی بھر عناصر نے ان روایات کو پامال کرنے کی کوشش کی ۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا اور مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان نے کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ دے کر دونوں خطوں کے عوام کو ایک لازوال رشتے میں منسلک کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں پرتشدد کارروائیاں انتہائی تشویش کا باعث ہیں۔

ان کارروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے کارروائی کی جائے اور اس کے ساتھ ساتھ جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے تاکہ یہ سارا عمل شفاف طریقے سے اپنے منطقی انجام تک پہنچے۔اس موقع پر میجرسردار نصراللہ خان، سردار ارشد عباسی، راجہ خورشید حمید، سردار شاہد عباسی، عاصم زاہد عباسی، جاوید عباسی،سردار زاہد عباسی، سیدمحمود شاہ، سرفراز عباسی،مرزا جاوید، مسعود عباسی، وحید انقلابی، راجہ شاہد اقبال،الیاس حسین شاہ، خورشید عباسی،ڈاکٹر عابد عباسی،عامر نور عباسی، الیاس عباسی، راجہ طاہر اور دیگر کارکنان بھی ان کے ہمراہ تھے۔