معرکہ حق میں عالمی رسوائی کے باوجود انتہا پسند مودی کی شکست خوردہ افواج کا جنگی جنون برقرار

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 16:37

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2025ء)معرکہ حق میں عالمی رسوائی کے باوجود انتہا پسند مودی کی شکست خوردہ افواج کا جنگی جنون برقرار ہے جب کہ معرکہ حق میں شکست کے بعد اپنی عوام کو مطمئن کرنے کیلئے بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کی گیدڑ بھبکیاں بھی جاری ہیں۔

(جاری ہے)

آپریشن سندور میں منہ کی کھانے کے بعد بھارت عالمی سطح پر شرمندہ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے، اقتدار پر قابض مودی نے حسب روایت بہار انتخابات سے قبل پاکستان دشمنی کا سہارا لے لیا جب کہ بھارت کی شکست خوردہ عسکری قیادت کے حالیہ بیانات نے خطے کے امن کو دوبارہ دا پر لگا دیا۔

بھارتی آرمی چیف نے آپریشن سندور کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا اشارہ دے دیا، بھارتی آرمی چیف جنرل اوپندر دویودی نے کہا کہ ؛ اس بار بھارت پوری جنگی تیاری کے ساتھ کارروائی کرے گا، بھارت کی سیاسی و عسکری قیادت کی گیدڑ بھبکیاں دراصل معرکہ حق کی شکست کو چھپانے کی ناکام کوشش ہیں۔بھارتی قیادت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔پاکستان کی مسلح افواج کا دو ٹوک موقف ہے کہ بھارتی جارحیت کا جواب معرکہ حق سے بھی زیادہ سخت اور تیز ہوگا۔