گلوبل صمودفلوٹیلا‘میں سوارافرادکی گرفتاری انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے ،حاجی حنیف طیب

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 19:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2025ء)چیئرمین نظام مصطفی پارٹی سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر حاجی حنیف طیب نے کہاکہ’گلوبل صمودفلوٹیلا‘‘میں سوارافراد کواسرائیلی فورسزکی جانب سے گرفتارکرناوحشیانہ اقدام،دہشت گردی اورانسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے اس اقدام کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔حاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ صمودفلوٹیلاکامقصد غزہ کے لوگوں کوضروریات زندگی کی اشیاء،کھانا،پینا ،ادویات فراہم کرناتھاان کے پاس امدادی سامان تھا کوئی اسلحہ نہیں تھا اس پرُامن مشن میںپاکستان،تونس،الجزائر،لیبیا،مراکش، قطر،بحرین،عمان،کویت،موریتانیا،ترکیہ،ملیشیا بارسلونا،جنوبی افریقہ سمیت 44ممالک کے نمائندے شریک تھے جس میں ڈاکٹرز،انسانی حقوق کے نمائندے،سیاست دان ،صحافی ودیگرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادشامل تھے ۔

(جاری ہے)

اس سارے عمل کو امریکی صدرٹرمپ خاموشی سے دیکھتے رہے امن کے علم بردارسمجھنے والے امریکی صدرنے ان کی فی الفوررہائی کے لئے اقدامات نہیں کئے پاکستان سمیت جن ممالک کو امریکہ اوراسرائیل سے خیرکی توقع ہے وہ خوابوں کی دنیا میں رہتے ہیں ۔امریکہ ،برطانیہ سمیت کئی یورپین ممالک کادامن مسلمانوں کے خون سے آلودہ ہے جن کی تعدادلاکھوں میں ہے۔

حاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ ایک طرف توامریکی صدرفلسطینی تنظیم حماس کومذاکرات کی دعوت دے رہاہے اوردوسری جانب خبرداربھی کررہاہے کہ اگراتوارشام چھ بجے تک ان کا غزہ امن منصوبہ قبول نہ کیا توشدیدنتائج بھگتنے ہوں گے ‘‘جبکہ گزشتہ چندگھنٹوں میں اسرائیلی تازہ حملوں میں 66فلسطینی شہیدہوگئے اورسینکڑوں زخمی ہوگئے۔ فلسطینی عوام کو پاکستان سے ہمیشہ توقعات رہی ہیںحکومت پاکستان ،ترکیہ ،قطر،سعودیہ عرب،ملیشیا کے ساتھ مل کرغزہ میں جاری بمباری کوفوری طورپرروکوانے فلسطینی عوام کو اسرائیلی ظلم سے نجات دلانے اور منصفانہ حل کے لیے فعال کرداراداکریں۔