Live Updates

اپنے صوبوں کی خبر نہ رکھنے والے لوگ پنجاب پر تنقید کرنے آ جاتے ہیں‘ ملک افضل کھوکھر

کے پی کے میں کرپشن کی داستانیں قائم ، پیپلز پارٹی والے بھی صوبائیت کارڈ کھیلنا بند کریں ‘رکن قومی اسمبلی

اتوار 5 اکتوبر 2025 11:40

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر نے کہا ہے کہ اپنے صوبوں کی خبر نہ رکھنے والے لوگ پنجاب پر تنقید کرنے آ جاتے ہیں، خیبر پختونخواہ میں کرپشن کی داستانیں قائم ہو رہی ہیں ، پیپلز پارٹی والے بھی صوبائیت کارڈ کھیلنا بند کریں ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مریم نواز ایک خوددار لیڈر کی بیٹی ہیں، وہ کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائیں گی۔

پنجاب کے 27اضلاع میں سیلاب متاثرین کے سروے کے لیے 1857ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔ یہ ٹیمیں متاثرہ افراد، کسانوں، گھروں، فصلوں اور مویشیوں کا تفصیلی سروے کر رہی ہیں۔ پنجاب میں سیلاب سے دس یا بیس نہیں بلکہ 45لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، اس قدر بڑے پیمانے پر سروے ایک ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مریم نواز بغیر کسی حکومتی وسائل کے خود سیلاب سے متاثرہ ہر فرد تک پہنچیں گی اور ان کی عملی مدد کریں گی۔

پنجاب حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے سنجیدہ، منظم اور تیز رفتار اقدامات کر رہی ہے، جو محض بیانات نہیں بلکہ زمینی حقیقت ہیں۔ملک افضل کھوکھر نے کہا کہ مخالفین مریم نواز کی پرفارمنس سے خوفزدہ ہو کر الٹے سیدھے بیانات دیتے ہیں، ہر بات پر ٹانگ کھینچنا اور صوبے کے انتظامی معاملات میں گھسنا مناسب نہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات