ایس آئی ایف سی آرگینک زراعت ،جڑی بوٹیوں کی برآمدات کیلئے اقدامات کرے،نجم مزاری

جڑی بوٹیوں کی دنیا میں مانگ ،آرگینک خوراک ،جڑی بوٹیوں کے حوالے سے موثر پالیسی کی تشکیل نا گزیر ہے

اتوار 5 اکتوبر 2025 18:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ ایس آئی ایف سی دیگر شعبوں کی طرح پاکستان میں آرگینک خوراک کی پیداوار بڑھانے اور برآمدات کو فروغ دینے کیلئے بھی اقدامات کرے ،پاکستان میں جڑی بوٹیوں کی پیداوار کے بھی وسیع مواقع موجود ہیںاس لئے آرگینک خوراک اور جڑی بوٹیوں کے حوالے سے موثر پالیسی کی تشکیل نا گزیر ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زمین اور موسمی حالات آرگینک زراعت کے لئے موزوں ہیں مگر اس شعبے کو سرکاری سطح پر توجہ اور سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، اگر کسانوں کو تربیت، سبسڈی اور جدید سہولیات فراہم کی جائیں تو پاکستان بڑی مقدار میں آرگینک خوراک برآمد کر کے قیمتی زر مبادلہ حاصل کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ایس آئی ایف سی نے اب تک بے پناہ کامیابیاں سمیٹی ہیں اس لئے مطالبہ ہے کہ اس شعبے میں سرمایہ کاری لانے سمیت دوسرے ممالک کے ساتھ آرگینک خوراک، مصنوعات اور جڑی بوٹیوں کی تجارت کے فروغ کے لئے بھی منصوبہ بندی کر کے پیشرفت کی جائے ۔

نجم مزاری نے کہا کہ پاکستان میں ایسی نایاب جڑی بوٹیاں پائی جاتی ہیںجن کی دنیا میں بڑی مانگی ہے ،عالمی سطح پر ادویات اور کاسمیٹک صنعتوں میں جڑی بوٹیوں کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اس لئے پاکستان کو اس جانب بھی توجہ مرکوز کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں واضح پالیسی بنائی جائے تاکہ پاکستان عالمی مارکیٹ میں اپنا حصہ وصول کر سکے۔آرگینک خوراک ، مصنوعات اور جڑی بوٹیوں کے حوالے سے نجی شعبے میں کونسل کی طرز پر پلیٹ فارم تشکیل دینے کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس کے دورس نتائج برآمد ہوں گے۔