پنجاب پولیس کے ملازمین کے علاج معالجے کیلئے 22 لاکھ سے زائد کے فنڈز جاری

اتوار 5 اکتوبر 2025 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اپنی فورس اور ان کے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پرعزم ہیں جس کے تسلسل میں پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے علاج معالجے کے لیے مزید 22 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کانسٹیبل محمد اکبر کے گردے کے علاج کے لیے 10 لاکھ روپے فنڈز جاری کئے گئے۔

مرحوم کانسٹیبل مختار علی کی بیوہ کو جگر کے عارضے کے علاج کے لیے 02 لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کی گئی۔ اسی طرح کانسٹیبلز محمد ارشاد، عمر فاروق اور ڈرائیور کانسٹیبل صابر علی کو علاج معالجے کے لیے ایک ایک لاکھ روپے جبکہ سب انسپکٹر واصف منیر اور اے ایس آئی محمد آصف خان کو بھی ایک ایک لاکھ روپے فنڈز جاری کئے گئے۔

(جاری ہے)

مزید برآں سکیورٹی کانسٹیبل محمد بختیار احمد اور سینئر سکیورٹی کانسٹیبل آفتاب احمد کو بھی علاج معالجے کی مد میں ایک ایک لاکھ روپے دیے گئے جبکہ ٹریفک وارڈنز کاشف عمران، عقیل احمد، سب انسپکٹر ذوالفقار علی اور شہید کانسٹیبل عنصر اقبال کی اہلیہ کو مجموعی طور پر 3 لاکھ 5 ہزار روپے کی مالی امداد دی گئی۔

آئی جی پنجاب نے فنڈز کے اجرا کی منظوری میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی سکروٹنی کے بعد دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے ملازمین کو مختلف اداروں کے ساتھ ایم او یوز کے تحت بھی علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے۔