پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیاں کبھی رائیگا ں نہیں جائیں گی،آئی جی بلوچستان

اتوار 5 اکتوبر 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ ملک اور قوم کے تحفظ کی خاطر شہاد ت کا رتبہ پانے والے پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیاں کبھی رائیگا ں نہیں جائیں گی،پولیس اہلکارعوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر دورے کے موقع پر پولیس دربار میں افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے دودرے کے دوران شہید محمد خماری کے گھر جا کر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور شہید کی بہادری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔آئی جی پولیس محمد طاہر نے کہا کہ شہید محمد خماری نے قیامِ امن کے لیے اپنی جان قربان کر کے پولیس فورس کا سر فخر سے بلند کیا۔

(جاری ہے)

ان جیسے جوان ہمارے حقیقی ہیرو ہیں جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔

انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ گوادر سٹی تھانہ کو اب ''تھانہ شہید محمد خماری'' کے نام سے منسوب کر دیا گیا ہے، جو نہ صرف شہید کے خاندان بلکہ پوری پولیس فورس کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس فورس اپنے شہداء کے اہلِ خانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی فلاح و بہبود کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔آئی جی پولیس بلوچستان نے مزید کہا کہ عوام کا جانی و مالی تحفظ ہماری ذمہ داری ہے جس سے نبردآزما ہونے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان کے ہمراہ ڈی آئی جی مکران رینج ڈاکٹر پرویز عمرانی، ایس ایس پی گوادر ضیاء الحق مندوخیل اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔