نوشہرو فیروز،پولیس کی گداگری کے خلاف بھرپور کارروائی

پیر 6 اکتوبر 2025 16:38

نوشہرو فیروز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) مورو پولیس نےگداگری کےخلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئےتین پیشہ ور بھکاری گرفتار کر لئے،تفصیلات کے مطابق مورو پولیس نے شہر میں گداگری کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اب شہر میں بھیک مانگنے والوں کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

ایس ایچ او مورو علی اکبر کھوکھر کی ہدایت پر پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپا مار کارروائیاں کیں اور تین پیشہ ور بھکاریوں کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار افراد میں حسین بخش ماچھی ولد لال بخش، شانو ولد غام قادر جوگی، اور عيدن خان ولد دودو خان جوگی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف گداگری ایکٹ کے تحت دفعہ 343/2025/342/344 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایس ایچ او علی اکبر کھوکھر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ یہ کارروائیاں شہر میں گداگری کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے اور شہریوں کو پیشہ ور فقیر مافیا سے نجات دلانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے افراد کو بھیک نہ دیں جو سڑکوں، چوراہوں اور بازاروں میں پیشہ ورانہ انداز میں گداگری کرتے ہیں، تاکہ اس سماجی برائی کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ مورو پولیس نے واضح کیا ہے کہ گداگری کے خلاف مہم آئندہ بھی جاری رہے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔\378