نسٹ کے محقق ڈاکٹر مدثر اقبال کا جارجیا ٹیک کے اشتراک سے جدید لیتھیم آئن بیٹری کے لیے نیا اینوڈ تیار

پیر 6 اکتوبر 2025 19:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے ممتاز محقق ڈاکٹر مدثر اقبال نے امریکی ادارے جارجیا ٹیک کے تعاون سے لیتھیم آئن بیٹریوں کے لیے ایک نیا اور جدید Bi₂Te₃/Ti₃CNTx ہائبرڈ MXene اینوڈ تیار کیا ہے۔ یہ نئی تحقیق جو بین الاقوامی جریدے Journal of Alloys and Compounds میں شائع ہوئی ہے، توانائی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس اینوڈ کے استعمال سے بیٹری کی استطاعت، رفتار کی کارکردگی اور سائیکلنگ استحکام میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت مستقبل میں زیادہ پائیدار، تیز چارج ہونے والی اور دیرپا لیتھیم آئن بیٹریوں کی تیاری کی راہ ہموار کرے گی، جو نہ صرف موبائل فونز بلکہ الیکٹرک گاڑیوں اور دیگر جدید آلات میں انقلاب لا سکتی ہے۔ ڈاکٹر مدثر اقبال اور ان کی ٹیم کی یہ تحقیق پاکستان میں اعلیٰ معیار کی سائنسی تحقیق کا منہ بولتا ثبوت ہے، جو عالمی سطح پر ملک کے تحقیقی اداروں کی ساکھ میں اضافہ کر رہی ہے۔