عالمی برادری خواتین کے تحفظ پر ازسرِ نو عزم کرے، اقوام متحدہ ویمن چیف

یہ لمحہ خواتین اور لڑکیوں کے لیے حقیقی اقدامات اور نئے عزم کا متقاضی ہے،خطاب

منگل 7 اکتوبر 2025 14:22

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) اقوامِ متحدہ ویمن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹرسیما بہوث نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ خواتین، امن و سلامتی کے ایجنڈے پر ازسرِ نو پختہ عزم کا مظاہرہ کیا جائے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب اس تاریخی ایجنڈے کی 25ویں سالگرہ قریب آ رہی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیما بہوث نے کہا کہ 2000 میں منظور کی گئی سلامتی کونسل کی قرارداد 1325 کے بعد خواتین اور لڑکیوں کے تحفظ اور شرکت سے متعلق وعدے تو کیے گئے، مگر عملی اقدامات میں کمزوری اور مالی وسائل کی کمی واضح رہی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ آج دنیا بھر میں 676 ملین خواتین اور لڑکیاں ایسے علاقوں میں رہتی ہیں جو مہلک تنازعات کی زد میں ہیں، جو کہ 1990 کی دہائی کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر عسکری اخراجات میں اضافہ، صنفی مساوات کے خلاف بڑھتی مزاحمت اور کثیرالطرفہ نظام پر حملے امن و سلامتی کی بنیادوں کو ہلا رہے ہیں۔سیما بہوث نے کہا کہ صرف یادگاری تقریبات کافی نہیں، بلکہ یہ لمحہ خواتین اور لڑکیوں کے لیے حقیقی اقدامات اور نئے عزم کا متقاضی ہے تاکہ اگلے 25 سال پہلے سے بہتر ثابت ہوں۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ جاری تنازعات، بے گھر ہونے والوں کی بڑھتی تعداد، اور تعلیم و صحت جیسے اہم شعبوں میں فنڈنگ میں کٹوتیاں، دنیا بھر کی خواتین اور بچیوں کو شدید متاثر کر رہی ہیں، جن میں افغانستان، سوڈان، ہیٹی، غزہ، مالی اور صومالیہ شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں راستہ بدلنے کی فوری ضرورت ہے۔ خواتین کی قیادت سے ہی امن آتا ہے۔ ہم نے 25 سال پہلے وعدہ کیا تھااب وقت آ گیا ہے کہ اس وعدے کو پورا کیا جائے۔