سیلابی صورتحال کی وجہ سے سبزیوںکی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

منگل 7 اکتوبر 2025 17:47

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) پنجاب میں سیلابی صورت حال کی وجہ سے سبزیوںکی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں،رائے ونڈ اور گردونواح کے علاقوں میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے عام آدمی کیلئے دو وقت کیلئے کھانا بنانا مشکل ہو گیا ہے ،ٹماٹر کی قیمت چار سوروپے تک پہنچ چکی ہے پیاز ،لہسن ،گوبھی ،شملہ مرچ سمیت دیگر سبزیوں کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں ،رائے ونڈ تحصیل انتظامیہ مہنگائی اور گرانفروشی کی روک تھام میں ناکام نظر آرہی ہے نجی سبزی منڈی میں اجناس کی بولی کے دوران ایڈ منسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی موقعہ پر موجود نہیں ہوتے جس سے آڑھتی حضرات من مرضی کے دام وصول کرتے ہیں سیلابی صورت حال کے پیش نظر رائے ونڈ میں رسد اور طلب کے واضح فرق ہونے کی وجہ سے سبزیوںاور پھلوں کی قیمتوں میں استحکام نظر نہیں آرہا دوسری جانب رائے ونڈ فیکٹری ایریا میں کام کرنیوالے صنعتی ملازمین مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہیں انکا کہنا ہے کہ ابھی تک سرکاری مقررہ تنخواہیں فیکٹری مالکان ادا نہیں کررہے ،مہنگائی نے ہمارا جینا محال کردیا ہے شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔