صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا زیر تعمیر نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کا دورہ

منگل 7 اکتوبر 2025 16:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے زیر تعمیر نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایگزی کیوٹنگ ایجنسی آئی ڈیپ کے افسران اور متعلقہ کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔خواجہ سلمان رفیق نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کی سائٹ پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا اور افسران سے ماسٹر پلان پر بریفنگ لی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب لاہور میں72 ارب روپے کی لاگت سے915 بستروں پر مشتمل اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر بنا رہی ہے۔نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر پاکستان کا پہلا مکمل سرکاری کینسر ہسپتال ہوگا۔

(جاری ہے)

کینسر کے لیول تھری اور لیول فور مریضوں کا بھی انشااللہ مفت علاج ہوگا۔

915 بستروں پر مشتمل یہ کینسر ہسپتال دو مراحل میں مکمل ہوگا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کینسر انسٹی ٹیوٹ میں پیڈز انکالوجی،آپریشن تھیٹرز،10-ریڈایشن تھراپی بنکر،آئی سی یو اور 30 بیڈز کا ایمرجنسی وارڈ بنے گا۔ویٹنگ ہال اور24 بیڈز کے ساتھ تیمار داروں کیلئے قیام گاہ بھی بنے گی۔انہوں نے کہا کہ مرکزی عمارت میں بون میرو سینٹر، کینسر کیئر کلینک، ڈاکٹر کیلئے رہائش گاہیں اور مسجد پہلے مرحلے میں تعمیر ہو گی۔

دوسرے مرحلے میں 300 بیڈز پر مشتمل نئی بلڈنگ اور پارکنگ پلازہ بھی بنے گا۔پہلے سرکاری کینسر ہسپتال میں ریڈی ایشین تھراپی، کیمو تھراپی، اینڈوسکوپی اور دیگر سہولتیں میسر ہوں گی۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ کینسر ہسپتال کے پہلے فیز کی تکمیل کیلئے بارہ ماہ کا ہدف دیا گیا ہے۔عوام کی زندگی میں بہتری لانے والا ہر کام حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

ہر شہر میں کارڈیالوجی، نیورولوجی، پیڈز اور ڈائیلسیز سینٹرز بنائے جا رہے ہیں۔کینسر کے کسی مریض کو علاج سے انکار نہیں ہوگا۔اس پہلے سرکاری کینسر ہسپتال میں کے پی کے، سندھ اور دیگر صوبوں سے آنے والے مریضوں کا مفت علاج ہو گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ نواز شریف کینسر ہسپتال پنجاب ہی نہیں پورے پاکستان کا منصوبہ ہے۔کینسر کا علاج غریب اور متوسط کیا امیر آدمی کے بس کی بات بھی نہیں،جمع پونجی لٹ جاتی ہے۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے آئی ڈیپ کو نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ پراجیکٹ کو مقررہ وقت پر فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔