ضلعی انتظامیہ لاہور کا گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

منگل 7 اکتوبر 2025 23:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ لاہور ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا کی قیادت میں روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی سخت نگرانی کر رہی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس شہر بھر میں متحرک ہیں، جن کی بروقت کارروائیوں سے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

تازہ اعدادوشمار کے مطابق بینگن،گاجر اور لیموں کی قیمت میں10 روپے فی کلو کمی جبکہ گوبھی کی قیمت میں5 روپے فی کلو کمی،آڑو کی قیمت میں 5 روپے جبکہ ناشپاتی کی قیمت میں10 روپے فی کلو کمی ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح آلو، پیاز، ٹماٹر اور مٹر سمیت متعدد سبزیوں کے نرخ مستحکم رہے جبکہ سیب، کیلا، آم اور انگور سمیت بیشتر پھلوں کی قیمتوں میں بھی استحکام دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے مطابق روٹی کی قیمت14 روپے اور10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے مقرر ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے ہدایت کی کہ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کے حقوق کا موثر تحفظ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور مسلسل خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔

لہذا شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی شکایت کی صورت میں ضلعی کنٹرول روم نمبر 0307-0002345 پر رابطہ کریں یا ڈپٹی کمشنر لاہور کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے شکایات درج کروائیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کے لیے پرعزم ہے،گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔