اپوزیشن لیڈر کے نام اور بانی کے حکم پر کسی ممبر کو اختلاف نہیں،عامرڈوگر

جمعرات تک تمام ارکان کے دستخط کرا کر سپیکر آفس میں لیٹر جمع کرا دیا جائے گا،پی ٹی آئی چیف وہیپ کی میڈیاسے گفتگو

منگل 7 اکتوبر 2025 21:00

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہیپ عامر ڈوگر نے کہاہے کہ اپوزیشن لیڈر کے نام اور بانی کے حکم پر کسی ایک ممبر کو اختلاف نہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اپوزیشن لیڈر کیلئے نامزدگی کے خط پر 41ارکان اسمبلی نے دستخط کر دئیے، 36مزید ارکان اسمبلی اپوزیشن لیڈر بنائے جانے سے متعلق خط پر دستخط کریں گے۔

(جاری ہے)

عامر ڈوگر نے کہا کہ (کل)جمعرات تک تمام ارکان کے دستخط کرا کر سپیکر آفس میں لیٹر جمع کرا دیا جائے گا، 75ارکان قومی اسمبلی جن میں محمود خان اچکزئی بھی شامل ہیں، ان کے دستخط ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ (کل)جمعرات کو کوشش ہوگی کہ سپیکر چیمبر میں یہ درخواست جمع کرا دی جائے، نام فائنل ہونے سے قبل مختلف آرا تجاویز اور اختلاف ہوتے ہیں، مگر جب قائد نے کہہ دیا تو اس کے فیصلے کو سب قبول کریں گے۔پی ٹی آئی کے چیف وہیپ نے کہا کہ 100فیصد اراکین قومی اسمبلی نے حکم کے بعد کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا، تمام ارکان اسمبلی نے اسپیکر سیکریٹریٹ میں اپنے استعفے جمع کرائے تھے۔