ڈیرہ غازی خان پولیس کی ستمبر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں، درجنوں ملزمان گرفتار

بدھ 8 اکتوبر 2025 10:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) ڈیرہ غازی خان پولیس نے ستمبر کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران مختلف گینگز کےدرجنوں ملزمان کوگرفتار کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ، منشیات، شراب، مسروقہ سامان و مویشی برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کئے۔پولیس ترجمان کے مطابق ستمبر کے دوران ڈکیتی و راہزنی کے 12 گینگز کے 35 مجرمان گرفتار کر کے 38 لاکھ 85 ہزار روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔

اس کے علاوہ مسروقہ سامان میں سے ایک کروڑ 43 لاکھ روپے سے زائد کی اشیا ، 25 موٹر سائیکلیں، ایک گاڑی ، اڑھائی تولہ طلائی زیورات، 15 موبائل فون اور 24 مویشی برآمد کر لئے۔گزشتہ ماہ کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 110 ملزمان کو گرفتار کر کے 39.425 کلو چرس، 1.05 کلو ہیروئن اور 42.2 کلو بھنگ اور 1388 لیٹر شراب برآمد کر لی گئی ،ناجائز اسلحہ رکھنے کے جرم میں 127 مقدمات کر کے 12 کلاشنکوف، 7 بندوقیں، 102 رائفلیں، 105 پستول/ریوالور اور 587 گولیاں برآمد کر لی گئیں۔

(جاری ہے)

اس طرح مختلف نوعیت کے 1357 مقدمات کے اندراج کے دوران 838 ملزمان کو گرفتار (جن میں 4 قتل اور 1 ڈکیتی معہ قتل شامل)، 589 مقدمات عدالتوں کو بھجوائے گئے۔ 61 اے کیٹگری، 1284 بی کیٹگری سمیت 1345 اشتہاری اور 91 عدالتی مفرور بھی گرفتار کر لئے گئے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ستمبر کے دوران پولیس سے 2 مقابلوں میں ایک مجرم ہلاک، ایک زخمی اور کو 4 گرفتار کیا گیا جبکہ 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

سمگلنگ کی روک تھام کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے اور2640 لیٹر ایرانی ڈیزل و پٹرول، 5 گاڑیاں اور 5 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا غیر قانونی سامان کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا۔اسی طرح بجلی چوروں کے خلاف 28 مقدمات درج کر کے 24 کو گرفتار کر لیا گیا۔ریسکیو 15 پر جھوٹی کالز کرنے پر 14 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔اس موقع پر ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) طارق ولایت نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور امن و امان کی فضا کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔