ای چالان نادہندہ ٹاپ 2546 گاڑیاں بلیک لسٹ میں شامل، ترجمان سٹی ٹریفک پولیس

بدھ 8 اکتوبر 2025 11:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) ای چالان نادہندہ ٹاپ 2546 گاڑیاں بلیک لسٹ میں شامل ہوگئیں، سی ٹی او لاہورنے سیف سٹی اتھارٹی کے ساتھ مل کر فوری طورپرگاڑیاں بند کروانے کا حکم دیدیا۔ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کیمطابق ٹریفک پولیس لاہور اور سیف سٹیز اتھارٹی نے مل کر ای چالان نادہندہ گاڑیوں کیخلاف ایکشن پلان تیارکرلیا ہے، جس کے تحت 2546 ای چالان نادہندہ بلیک لسٹڈ گاڑیاں فوری طورپربند کروائی جائیں گی۔

سی ٹی او لاہورڈاکٹر اطہر وحید نے کہا ہے کہ یہ گاڑیاں شہر بھر میں جہاں بھی جائیں گی ان کو خودکار طریقہ سے فوری ٹریس کر لیا جائے گا ،بلیک لسٹ میں شامل ان گاڑیوں کو اس وقت تک بند رکھا جائے گا جب تک اس گاڑی کے ذمہ واجب الادا چالانوں کی رقم ادا نہیں ہوجائے۔

(جاری ہے)

سی ٹی او لاہور نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی تمام نفری کو حکم جاری کر دیاگیاہے کہ وہ دوران ڈیوٹی اپنے سسٹم سے ہر گاڑی کے ای چالان چیک کریں گے،ٹریفک وائلیشن کرنے پر شہر بھر میں لگے کیمرے بلاتفریق ای چالان کرتے ہیں جسکی ادائیگی ہر شہری پر لازم ہے۔

سی ٹی او لاہورڈاکٹر اطہر وحیدنے کہا کہ ابتدائی طور پر جو گاڑیاں 50 یا اس سے زائد ای چالان نادہندہ ہوںگی ان کو بلیک لسٹ میں شامل کیا جا رہا ہے، سیف سٹی میں تعینات ٹریفک پولیس کی ٹیم کو حکم جاری کر دیا ہے کہ وہ بلیک لسٹڈ گاڑیوں کیخلاف فیلڈ سٹاف کو مکمل تعاون فراہم کریں،بلیک لسٹ گاڑیوں کے خلاف کارروائی سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام میں مدد ملے گی۔