یونیورسٹی آف ہری پور خیبر پختونخوا کی پہلی کیش لیس یونیورسٹی بن گئی

بدھ 8 اکتوبر 2025 17:52

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) یونیورسٹی آف ہری پور اپنی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کی صفِ اول کی کیش لیس یونیورسٹی بن گئی ہے۔یونیورسٹی نے حال ہی میں اپنی تاریخ کا پہلا ڈیجیٹل مالیاتی لین دین کامیابی سے مکمل کیا جو اس کے انتظامی اور مالیاتی امور میں شفافیت و جدت کی نئی تاریخ رقم کرتا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے یونیورسٹی کی فوری اور مؤثر کارکردگی کو سراہا اور حکومتِ خیبر پختونخوا کے تعاون سے یونیورسٹی کے بروقت ردعمل کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

اس تبدیلی کو مزید موثر بنانے کے لیے یونیورسٹی نے RAAST P2P اور Interbank Fund Transfers (IBFT) جیسے محفوظ،آسان اور جدید ڈیجیٹل ادائیگی کے ذرائع متعارف کرائے ہیں تاکہ طلبہ،اساتذہ اور سپلائرز کے درمیان مالی لین دین میں آسانی پیدا ہو۔

یونیورسٹی حکام کے مطابق کیش لیس نظام کے کئی فوائد ہیں جیسے سہولت میں اضافہ،شفافیت میں بہتری اور ٹیکس وصولی کے نظام کو مضبوط بنانا ہے تاہم اس کے ساتھ کچھ چیلنجز بھی ہیں جن میں مضبوط ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ضرورت،ڈیٹا پرائیویسی کے تحفظ،ڈیجیٹل سہولت سے محروم افراد کی شمولیت اور آن لائن نظام پر اعتماد پیدا کرنا شامل ہیں۔