یوکرین میں پہلی بار روسی فوج کا حصہ بننے والا بھارتی شہری گرفتار

بدھ 8 اکتوبر 2025 23:16

کیف / نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اکتوبر2025ء) روس،یوکرین جنگ میں روسی فوج کا حصہ بننے والے بھارتی شہریوں کی موجودگی کا پہلا باقاعدہ تصدیق شدہ واقعہ سامنے آ گیا ہے۔ یوکرین کی فورسز نے 22 سالہ ماجوتی ساحل محمد حسین نامی بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا، جو گجرات کے ضلع موربی کا رہائشی ہے۔یوکرینی حکام کے مطابق، ماجوتی ساحل روسی فوج میں شامل ہوکر جنگی کارروائیوں کا حصہ بن چکا تھا۔

یہ پہلا موقع ہے جب یوکرین نے کسی بھارتی شہری کی گرفتاری کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔ بھارتی حکومت نے بھی کیف میں موجود اپنے سفارت خانے کو واقعے کی تفصیلات اکٹھی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، ساحل محمد حسین تعلیم کے لیے روس گیا تھا تاہم بعد ازاں اس پر منشیات کے مقدمات بھی درج ہوئے اور مبینہ طور پر وہ روسی فوج میں بھرتی ہو گیا۔

(جاری ہے)

جنگی حالات میں اسے یوکرینی فورسز نے گرفتار کیا، جس کی ویڈیوز اور ابتدائی بیانات بھی منظر عام پر آ چکے ہیں۔رپورٹس کے مطابق، بڑی تعداد میں بھارتی شہریوں نے روسی فوج میں شمولیت اختیار کی ہے ، جنہیں مختلف وعدوں پر بھرتی کیا جاتا رہا ہے۔ کئی بھارتی نڑاد اہلکار جنگ میں ہلاک بھی ہو چکے ہیں ، تاہم یہ پہلا موقع ہے جب کسی کو براہِ راست جنگی قیدی کے طور پر حراست میں لیا گیا ہے۔ بھارتی وزارتِ خارجہ نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیف میں موجود بھارتی سفارت خانہ معلومات اکٹھی کر رہا ہے اور مقامی حکام سے رابطے میں ہے تاکہ ساحل حسین کی حالت اور قانونی حیثیت کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔