پنجاب کی عوام نے سندھ کی عوام کی خاطر 16 سے 17 لاکھ کیوسک پانی اپنے سینوں پربرداشت کیا ‘خواجہ سلمان رفیق

بدھ 8 اکتوبر 2025 23:06

پنجاب کی عوام نے سندھ کی عوام کی خاطر 16 سے 17 لاکھ کیوسک پانی اپنے سینوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب میں نیشنل ریزیلئنس ڈے کی مناسبت سے تقریب کا انعقادکیاگیا۔صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے ایمرجنسی سروسز پنجاب ضیاء اللہ شاہ اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر بھی موجود تھے۔

تقریب کے دوران سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاں فشانی سے خدمات سر انجام دینے پر پاک فوج، پولیس، ریسکیو، سول انتظامیہ، محکمہ صحت و دیگر ملحقہ محکمہ جات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب متاثر علاقوں میں نمایاں کارکردگی کے حامل ریسکیورز کے درمیان نقد انعامات و تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے تقریب کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ آج کی تقریب کا بنیادی مقصد ریسکیورز کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

2005 کا خوفناک زلزلہ یاد ہے جب رمضان المبارک کے مہینے میں ہم سب عوام کی خدمت کیلئے فیلڈ میں موجود تھے۔2025 کے سیلاب سے پہلے ہی حکومت پنجاب نے تیاریاں شروع کر لی تھیں جس کے باعث جانی و مالی نقصانات کم ہوئے ہیں۔ہمسایہ ملک نے بغیر اطلاع کے لاکھوں کیوسک پانی چھوڑا تو ہم الرٹ ہو گئے۔ہم پہلے ہی پی ڈی ایم اے کے ذریعے تحصیل کی سطح تک امدادی سامان پہنچا چکے تھے۔

ہمارا سب سے پہلا ٹارگٹ لوگوں اور جانوروں کا محفوظ انخلائ تھا جس کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن شروع کیا جا چکا تھا۔پنجاب کی عوام نے سندھ کی عوام کی خاطر 16 سے 17 لاکھ کیوسک پانی اپنے سینوں پر برداشت کیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کابینہ اراکین و سول انتظامیہ ہر وقت فیلڈ میں متحرک رہے۔

اللہ تعالیٰ نے مجھے اس خدمت خلق کے ذریعے اپنے اور قریب ہونے کا موقع فراہم کیا ہے۔حکومت پنجاب اپنا نیوی گیشن سسٹم و دیگر سسٹمز کو بہتر بنارہی ہے۔ریسکیو آپریشن اور ریلیف کیمپس کے بعد اب نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے سروے شروع کیا جا چکا ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں تھرڈ پارٹی ویلی ڈیشن بھی کروائی جا رہی ہے۔

سروے کرنے والی ہر ٹیم میں پاک فوج کے جوان بھی حصہ لے رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 17 اکتوبر سے سیلاب متاثرین کے اکاؤنٹس میں پیمنٹس کرنے کی ہدایت کی ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 عوام کی خدمت، پیشہ وارانہ کارکردگی اور جدید تربیت کے باعث ایک مثالی ادارہ بن چکا ہے۔ریسکیو 1122 نے سیلاب کے دوران ہزاروں قیمتی جانیں بچائیں۔

آخری بند کے محفوظ ہونے تک ریسکیو اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری لگن سے نبھاتے رہیں گے۔حکومتِ پنجاب ریسکیو اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور استعداد کار میں اضافے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔پارلیمانی سیکرٹری برائے ایمرجنسی سروسز پنجاب ضیاء اللہ شاہ نے تقریب کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ سیلاب میں کوئی آفیسر نہیں تھا سب ورکرز تھے۔

ریسکیورز نے فلڈ میں بہترین کام کیا۔Rescuers! You are born to serve۔ہم عوام کی مدد سے اس ملک کو حادثات سے محفوظ بنانے کا عزم کرتے ہیں۔صوبائی سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہاکہ میں ان ریسکیورز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فلڈ ریسکیو آپریشن کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب، سینئر وزیر، صوبائی وزراء اور پارلیمانی سیکرٹری فیلڈ میں متحرک رہے۔

2005 میں جب زلزلہ آیا، ایک بے بسی کا عالم تھا۔آج ریسکیو 1122 کو اعزاز حاصل ہے کہ وہ اقوام متحدہ سے سرٹیفائیڈ ہے۔ہم نے ریزئلینس کا ایک لمبا سفر طے کیا ہے۔ریسکیو اب تک پنجاب میں کروڑوں لوگوں کو ریسکیو سروسز فراہم کر ساڑھے سات سو ارب روپے کے نقصانات سے بچا چکے ہیں۔ریسکیو نہ صرف پاکستان بلکہ ترکیہ میں بھی سروسز فراہم کر چکا ہے۔ ریسکیو ایک Shining example ہے جس نے وہ کر دکھایا جو نہ ممکن تھا۔