باغ میں 8 اکتوبر 2005 کے شہدا زلزلہ کی یاد میں تقریب

بدھ 8 اکتوبر 2025 22:47

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) باغ میں 8 اکتوبر 2005 کے شہداء زلزلہ کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب میں وزیر زراعت و لائیو سٹاک سردار میر اکبر خان،ڈپٹی کمشنر باغ راجہ صداقت،پاک فوج کے آفیسران،ضلعی انتظامیہ کے آفیسران و اہلکاران،پولیس کےجوانوں،تاجران،شہریوں،طلباء،صحافیوں، سول سوسائٹی کے نمائندگان سمیت دیگر نے بھر پور شرکت کی۔

تقریب کے آغاز پر سائرن بجاے گئے اور خاموشی اختیار کی گئی بعد ازاں شہداء زلزلہ کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو سٹاک سردار میر اکبر خان نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ آج کا دن ہم سب کو اپنے پیاروں کی یاد دلاتا ہے جو اچانک ایک ہی لمحے میں ہم سے جدا ہو گئے قیامت خیز زلزلہ کی یادیں آج بھی ہمیں افسردہ کر رہی ہیں ہزاروں لوگ ایک ہی دن ہم سے جدا ہو گئے۔

(جاری ہے)

شہدا کی قربانیوں کی بدولت آج ہمیں سہولیات میسر ہیں مشکل وقت میں پاکستانی عوام، پاکستان حکومت اور افواج پاکستان نے جس طرح کشمیریوں کو حوصلہ دیکر ان کی امداد کرتے ہوے دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کیا اسکی مثال نہیں ملتی۔ ہم شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہیں اور پاکستان اور افواج پاکستان سمیت پوری دنیا کے ان لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں اس مشکل میں ہمارا ساتھ دیا۔