ضلع اٹک میں منی ڈیمز کی تعمیر کیلئے 70 فیصد سبسڈی کی معاونت کیلئے قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد

بدھ 8 اکتوبر 2025 20:38

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) زرعی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت ضلع اٹک میں منی ڈیمز کی تعمیر کیلئے 70 فیصد سبسڈی کی معاونت کیلئے قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی رکن پنجاب اسمبلی نوابزادہ چودھری شیر علی خان تھے۔ ضلع اٹک میں منی ڈیمز کی الاٹمنٹ کیلئے کل 168 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 35 خوش نصیب کاشتکاروں کے نام قرعے نکلے۔

ان میں سے تحصیل اٹک کے 08 کاشتکار، فتح جنگ کے 09، تحصیل پنڈی گھیب کے 9 اور تحصیل جنڈ کے 10 کاشتکار شامل ہیں۔ اس منصوبہ کے تحت 3 سالوں میں راولپنڈی ڈویژن میں 400 منی ڈیمز، 70 فیصد حکومتی سبسڈی پر تعمیر کر کے دیئے جائیں گے۔ زرعی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت منصوبہ کے پہلے سال 100 جبکہ دوسرے اور تیسرے سال 150/ 150 منی ڈیمز تعمیر کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب نوابزادہ چودھری شیر علی خان نے قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کی ترقی و کاشتکار کی خوشحالی وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

خطہ پوٹھوار میں کاشتکاروں کے لئے فصلوں کی آبپاشی ہمیشہ سے مسئلہ رہا ہے۔ اس لئے خطہ پوٹھوار میں منی ڈیمز کی تعمیر کے لئے ایک علیحدہ پیکیج کی ضرورت تھی اور اس خواب کو پورا کر کے وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس خطہ کے کاشتکاروں کے دل جیت لیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب زراعت کی ترقی و کاشتکاروں کی خوشحالی کے لئے تاریخ ساز اقدامات اٹھا رہی ہیں جن میں کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے زرعی مداخل کی خریداری پر بلاسود قرضہ جات کی فراہمی اور گرین ٹریکٹرز کی سبسڈی پر فراہمی قابل ذکر ہیں۔

ان ڈیمز کی مدد سے بنجر زمینوں کو آباد کر کے قابل کاشت بنایا جا سکے گا۔قرعہ اندازی کی تقریب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سائل کنزرویشن ڈاکٹر پرویز سکندر، ڈائریکٹر پراجیکٹ مانیٹرنگ یونٹ محمد عرفان مان، ڈائریکٹر سائل کنزرویشن راولپنڈی عتیق الرحمان کے علاوہ محکمہ زراعت کے دیگر افسران اور زمینداروں نے شرکت کی۔\378