پرانے قرضے اتارنے کیلئے حکومت کا رواں سال 22ہزار ارب کے نئے قرضے لینے کا فیصلہ

نیا قرضہ پرانے قرضوں کی ادائیگی ،بجٹ خسارے کی فنانسنگ کیلئے لیا جائے گا، ذرائع

بدھ 8 اکتوبر 2025 21:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) وزارت خزانہ نے مالی سال 2025-26ء کیلئے نیا مقامی قرضہ لینے کا سالانہ منصوبہ تیار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت رواں مالی سال میں 22ہزار ارب روپے سے زائد کا نیا قرضہ لے گی، جو پرانے قرضوں کی ادائیگی اور بجٹ خسارے کی فنانسنگ کے لیے لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس کیساتھ 15ہزار 628ارب روپے کے پرانے قرضے اتارنے کا ہدف طے کیا گیا ہے، پرانے قرضے ادا کرنے کے بعد نیا خالص مقامی قرضہ 6ہزار 395ارب روپے ہوگا۔

ٹریژری بلز کی مد میں 8ہزار 731ارب روپے حاصل کرنے کا تخمینہ ہے جبکہ پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز کے ذریعے 8ہزار 595ارب روپے قرض لینے کا منصوبہ ہے۔گورنمنٹ اجارہ سکوک کی مد میں 3ہزار 312 ارب روپے اکٹھے کیے جائیں گے جبکہ نیشنل سیونگ سکیمز سے ایک ہزار 385ارب روپے حاصل کرنے کا ہدف مقرر ہے۔ بجٹ خسارہ پورا کرنے کیلئے مقامی ذرائع سے بڑے پیمانے پر فنانسنگ کی تیاری ہے۔