آئی ٹی آئی اے کاڈوپنگ الزامات میں ملوث کھلاڑیوں کو مالی اور قانونی مدد فراہم کرنے کے تجرباتی منصوبے کا اعلان

جمعرات 9 اکتوبر 2025 17:36

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) بین الاقوامی ٹینس انٹیگریٹی ایجنسی (آئی ٹی آئی اے )نے ایسے کھلاڑیوں کے لیے مالی امداد اور قانونی معاونت فراہم کرنے کے ایک نئے تجرباتی منصوبے کا اعلان کیا ہے جو ڈوپنگ یا بدعنوانی الزامات کی تحقیقات میں ملوث ہوں۔بی بی سی کے مطابق اس منصوبے کے تحت ڈوپنگ کے الزامات کا سامنا کرنے والے کھلاڑی لیب میں سپلیمنٹس یا خوراک کی جانچ کرانے کے لئے مالی معاونت حاصل کر سکیں گے۔

اس کے علاوہ انہیں مفت قانونی مدد اور رازداری کے ساتھ تیسرے فریق کی مشاورت بھی دی جائے گی۔سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے کہا ہے کہ ہر کھلاڑی کو ایک جیسا موقع اور مدد ملنی چاہیے، چاہے وہ کتنے بھی بڑے کھلاڑی ہوں یا نئے ہوں۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال گرینڈ سلام چیمپیئنز جینک سنر اور خاتون کھلاڑی آئیگا سویٹیک کے ڈوپنگ کیسز کو جلدی حل کیا گیا تھا، جس کے برعکس برطانوی کھلاڑی ٹارا مور کو 4 سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔

اس سلسلے میں 24 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن نوویک جوکووِچ نے کہا تھا کہ تمام کھلاڑیوں کو ایک جیسا معیار اور سہولت ملنی چاہیے، چاہے ان کی رینکنگ یا حیثیت کچھ بھی ہو۔پیشہ ورانہ ٹینس پلیئرز ایسوسی ایشن، جس کے شریک بانی نوویک جوکووِچ ہیں نے جنوری میں ایک سکیم متعارف کرائی تھی جو دو معروف لا فرمز سے مفت قانونی مدد فراہم کرتی ہے، تاہم اس میں دستیاب قانونی گھنٹوں کی تعداد محدود ہوگی۔

اس کے علاوہ ڈوپنگ ٹیسٹ مثبت آنے پر کھلاڑیوں کو سپورٹس ریزولوشنز کی طرف سے پہلے بھی پرو بونو قانونی مدد ملتی رہی ہے، لیکن اب یہ مدد کیس چلنے سے پہلے فراہم کی جائے گی، بشرطیکہ وکلا رضاکارانہ طور پر کام کرنے پر رضامند ہوں۔آئی ٹی آئی اے کی طرف سے مدد کی حد 5 ہزار ڈالر تک رکھی گئی ہے تاکہ کھلاڑی ڈبلیو اے ڈی اے کی تسلیم شدہ لیبارٹری میں اپنے ٹیسٹ کرا سکیں۔

اس کے علاوہ کھلاڑیوں کو سپورٹنگ چانس نامی ذہنی صحت کی تنظیم کے تحت 6مفت سیشنز کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔آئی ٹی آئی اے کی چیف ایگزیکٹو کارن مور ہاس نے کہا ہے کہ جو بھی کھلاڑی اینٹی ڈوپنگ یا اینٹی کرپشن تحقیقات کا حصہ بنتا ہے، اسے دفاع کا موقع ملنا چاہیے کیونکہ اس عمل میں مالی اور جذباتی دبائو کا سامنا ہوتا ہے ۔ یہ تجرباتی سکیم 2026 کے آخر تک جائزہ کے بعد مستقل شکل اختیار کرے گی۔

متعلقہ عنوان :