گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف کامرس سرگودھا میں منشیات کے خلاف آگاہی سیمینار کا انعقاد

جمعرات 9 اکتوبر 2025 16:39

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف کامرس سرگودھا میں منشیات کے خلاف آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس (CNF)سرگودھا ڈویژن کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف کامرس میں کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان کی زیر صدارت منشیات کے خلاف آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔اس موقع پر ڈائریکٹر پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس سرگودھا ڈویژن لیفٹننٹ کرنل (ر) کاشف بشیر، ڈپٹی ڈائریکٹر اے این ایف میجر عاصم ، ڈائریکٹر کالجز میڈیم نائید ناز کے علاوہ طلباء و طالبات، اُساتذہ اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کمشنر جہانزیب اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا استعمال نہ صرف فرد بلکہ پورے خاندان اور معاشرے کے لیے تباہ کن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد خود کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے والدین، بہن بھائیوں اور بچوں کو بھی ذہنی اور معاشرتی اذیت میں مبتلا کر دیتے ہیں،ایسے رویئے معاشرتی اقدار کو کھوکھلا کر دیتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے نوجوان نسل کی تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلباءکو نشے سے بچاؤکے حوالے سے مسلسل آگاہی دیتے رہیں۔

کمشنر نے کہا کہ نشہ کرنے والا نوجوان نہ صرف اپنی زندگی برباد کرتا ہے بلکہ قوم کا مستقبل بھی خطرے میں ڈالتا ہے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈویژن کی سطح پر انسدادِ منشیات مہمات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر معاشرے میں منشیات کی طلب ختم ہو جائے تو سپلائی خود بخود رک جائے گی، نوجوان اگر اپنے اردگرد کسی مشکوک سرگرمی کو دیکھیں تو فوراً متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں، یہ ہم سب کی قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نشے کے خلاف جنگ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نہیں بلکہ یہ ہم سب کی مشترکہ جدوجہد ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے گھروں، تعلیمی اداروں اور محلوں میں اس پیغام کو عام کرنا ہوگا تاکہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک صحت مند اور محفوظ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ ڈائریکٹر پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس سرگودھا لیفٹیننٹ کرنل (ر) کاشف بشیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر میں سی این ایف کے دفاتر قائم کیے گئے ہیں، جن میں سرگودھا ڈویژن کا دفتر بھی فعال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ CNF اور ANF مل کر منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہے ہیں اور تعلیمی اداروں کے اردگرد نگرانی کا نظام مزید مضبوط کیا گیا ہے۔