اُساتذہ قوم کے معمار ہیں، محمد سرور صدیق

جمعرات 9 اکتوبر 2025 16:41

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) ریڈیو پاکستان سرگودھا میں تعلیم اور تعلم کے حوالہ سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ پروگرام میں منیجنگ ڈائریکٹر نجی سکول محمد سرور صدیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُساتذہ قوم کے معمار ہیں جو نئی نسلوں کو علم، شعور، اخلاقیات اور خدمت انسانیت کے جذبے سے آراستہ کرتے ہیں۔

تعلیم کامیابی کی کنجی ہے اور اُستاد اس کنجی کے اصل محافظ ہیں جو طلبہ کے مستقبل کو روشن کرتے ہیں۔ پروگرام میں پروفیسر (ر) میجر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم، مزمل صدیق، شازیہ نسرین ،عائشہ وسیم، نور زینب، عصبا نواز، بلال احمد اور عائشہ نور نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اُساتذہ کرام کی عز ت و تکریم کا درس دیتا ہے، حضرت محمدﷺ نے تعلیم اور تعلم کے حوالے سے عملی مظاہرہ کیا، آپﷺ کی زندگی کا ہر گوشہ ہمارے لئے باعث تقلید ہے، تعلیمی ترقی اساتذہ کرام کی محنت کا ثمر ہے، بچوں کو نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہئے، نجی تعلیمی ادارے پاکستان کی تعلیمی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، حکومت کا تعلیمی بوجھ ان اداروں کی وجہ سے کم ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

استاد کا احترام کسی بھی قوم کیلئے باعث فخر ہوتا ہے۔ والدین اور اساتذہ مل کر بچے کی زندگی کو کندن بنا سکتے ہیں۔ استاد کا ایک مثبت ذاتی عمل اس کے لا تعداد لیکچرز پر حاوی ہوتا ہے۔