وائس چانسلر کے آئی یو کا ہنزہ کیمپس میں منعقدہ سکالرشپ چیکس کی تقریب میں شرکت، ذہین اور مستحق طلبہ میں سکالرشپ کے چیکس تقسیم

جمعرات 9 اکتوبر 2025 18:06

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے ہنزہ کیمپس میں مستحق اور ذہین طلبہ میں مختلف سکالر شپ پروگراموں کے تحت چیکس تقسیم کردیا۔ چیکس تقسیم کے حوالے سے ہنزہ کیمپس میں تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں وائس چانسلر کے ہمراہ ہنزہ کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رحمت کریم، بشمول طلبہ، اساتذہ نے شرکت کی۔

چیکس تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر کے آئی یو نے طلبہ کی لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی محنت اور استقامت نے آپ کو یہ موقع حاصل کرنے میں مدد دی ہے۔آپ اسی رفتار کو برقرار رکھیں اور کمال کی تلاش جاری رکھیں تاکہ ایسے سکالرشپ کو باقاعدگی سے حاصل کر سکیں۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے ہنزہ کیمپس کی انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا سب کیمپس کی ترقی کے لیے اسٹاف و فیکلٹی کی ٹیم ورک کو اہم قرار دیا اور کہاکہ کیمپسز کا ر وشن مستقبل اور علاقائی ترقی میں اہم کردار ہے۔وائس چانسلر نے کہاکہ ہنزہ کیمپس میں بی ایس کمپیوٹر سائنس کا شعبہ بہت جلد شروع کیاجائے گا جس میں خصوصی طور پر مصنوعی ذہانت پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ طلبہ کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں جدید مہارتیں حاصل کرنے میں مدد ملے۔

اس کے ساتھ بی ایس ٹورازم اینڈ ہاسپٹیلٹی اور بی ایس مینجمنٹ سائنس کے پروگرام کو مزید مضبوط کریں گے جو ہنزہ کی قدرتی خوبصورتی اور کاروباری صلاحیتوں کے منفرد امتزاج سے ہم آہنگ ہوں۔ان سے قبل ڈائریکٹر ہنزہ کیمپس ڈاکٹر رحمت کریم نے دستیاب سکالرشپ کے پروگراموں کا جامع جائزہ پیش کیا جس میں چائنیز-پاکستان فرینڈشپ ایمبیسیڈریل وظائف، ہونہار وظائف، کے آئی یو میرٹ وظائف، پاکستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ اور فلانترپسٹس ڈونیشن سپورٹ وظائف شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ پروگرام مالی رکاوٹوں کو دور کرنے اور مختلف پس منظر کے طلبہ کو ان کے خوابوں کی تکمیل میں بااختیار بنانے کا ہدف رکھتے ہیں۔ ایسے وظائف نہ صرف معاشی دباؤ کو کم کرتے ہیں بلکہ طلبہ کو اپنی تعلیم میں کمال حاصل کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔