کراچی،سپر ہائی وے کے قریب فائرنگ کر کے پولیو ورکر کو قتل کر دیا گیا

جمعرات 9 اکتوبر 2025 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) کراچی کے علاقے سپر ہائی وے کے قریب مبینہ ٹارگٹڈ حملے میں ایک پولیو ورکر کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا پولیس کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) ولایت شاہ نے ڈان کو بتایا کہ 30 سالہ رحمٰن اللہ موٹر سائیکل پر سرجانی ٹاؤن جا رہے تھے، اس دوران نامعلوم حملہ آوروں نے جامع الرشید کے قریب چلتی موٹر سائیکل پر فائرنگ کر دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ انہیں متعدد گولیاں لگیں، جنہیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔پولیس افسر نے ڈکیتی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مقتول کا تعلق محسود قبیلے سے تھا، وہ مدراس چوک کے قریب کوئٹہ ٹاؤن کے رہائشی تھے،ان کے پڑوسی اور سیاسی کارکن محمد شیر نے بتایا کہ مقتول رحمن اللہ پولیو ورکر تھے، ان کا کہنا تھا کہ مقتول کے اہلِ خانہ وہاڑی، پنجاب میں مقیم ہیں جہاں ان کی تدفین کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ علاقے کے رہائشیوں اور محسود برادری نے احتجاج کی منصوبہ بندی کی تھی تاہم متعلقہ ڈی ایس پی اور دیگر افسران نے 6 دن کے اندر قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔