مسیحی خواتین کو اسمبلیوں میں نمائندگی دی جائے، یعقوب شریف گل

مسیحی خواتین معاشرے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں، برابر مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں،آصف نذیر

جمعہ 10 اکتوبر 2025 15:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) منارٹیز پیپلز الائنس پاکستان کے چیئرمین یعقوب شریف گل نے کہا ہے کہ خواتین کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں سے تعلق رکھنے والی مسیحی خواتین معاشرے میں نمایاں اور مثبت کردار ادا کر رہی ہیں، اس لیے انہیں سیاست، تعلیم اور سماجی میدانوں میں برابر مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔

منارٹیز پیپلز الائنس پاکستان کے مرکزی رہنما شہزاد بشیر بھٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتی خواتین کے لیے کم از کم پانچ فیصد نمائندگی مختص کی جائے، تاکہ وہ بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔اس موقع پر منارٹیز پیپلز الائنس پاکستان کے سینئر نائب چیئرمین آصف نذیر نے کہا کہ اقلیتی خواتین نے ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور وہ عزت و احترام کی مکمل حق دار ہیں۔

(جاری ہے)

اسی دوران یورپ کے صدر منارٹیز پیپلز الائنس پاکستان جاوید بھٹی نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ اقلیتی خواتین سیاسی و سماجی میدان میں مسلسل ترقی کر رہی ہیں، جنہیں خراجِ تحسین پیش کیا جانا چاہیے۔جبکہ نائب چیئرمین یورپ سلیمان سلیم نے کہا کہ منارٹیز پیپلز الائنس ہمیشہ اقلیتی خواتین کے حقوق کے تحفظ اور نمائندگی کے لیے کوشاں رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کی ترقی ہی دراصل پاکستان کی ترقی ہے۔واضح رہے کہ منارٹیز پیپلز الائنس پاکستان کی جانب سے مسیحی خواتین کو 6 ماہ کا بیوٹیشن، سلائی اور دیگر کورسز کروائے گئے۔