ڈیرہ اسماعیل خان ، آر پی او ڈیرہ نےدورہ کر کے تھانوں اور دفاتر کی نئی تعمیرات کا عملی افتتاح کیا

جمعہ 10 اکتوبر 2025 16:13

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانوں اور دفاتر کی نئی تعمیرات کا آغاز ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے تھانوں اور دفاتر کی نئی تعمیرات کے سلسلے میں عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ سید اشفاق انور نے نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نسپاک)اور پی سی یونٹ کے ممبران کے ہمراہ ڈی پی اوآفس ڈیرہ اور تھانہ کینٹ کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران آر پی او نے تعمیراتی مقام پر موجود انجینئرز اور متعلقہ افسران کو نقشوں اور ڈیزائنز کے مطابق مکمل بریفنگ دی۔ انہوں نے تعمیراتی معیار، منصوبے کی بروقت تکمیل اور جدید ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔

(جاری ہے)

آر پی او ڈیرہ نے اس موقع پر کہا کہ تھانوں کی نئی عمارتیں نہ صرف پولیس فورس کے لیے بہتر کام کرنے کا ماحول فراہم کریں گی بلکہ عوام کو بھی فوری اور بہتر خدمات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے پولیس نظام میں بہتری آئے گی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی مزید موثر ہو گی۔یہ تعمیرات صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے وژن کے تحت کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو مزید یقینی بنایا جا سکے اور پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔\378