لوکل گورنمنٹ کے اداروں کی بیڈ گورننس نے کراچی کو بدترین شہروں کی فہرست میں لاکھڑا کیا ہے،میری پہچان پاکستان

جمعہ 10 اکتوبر 2025 17:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) میری پہچان پاکستان کی کراچی آرگنائزنگ کمیٹی و ٹاون انچارجوں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ لوکل گورنمنٹ کے اداروں کی بیڈ گورننس نے کراچی کو بدترین شہروں کی فہرست میں لاکھڑا کیا ہے۔ میئر اورمختلف جماعتوں کی لفظی گولہ باری سے کراچی کی سڑکیں نہیں بنیں گی۔ کراچی کے حوالے سے ہم سابق وزر اعظم شاہد خاقان عباسی کے گزشتہ روز دیئے گئے بیانیہ کی تائید کرتے ہیں کہ کراچی کی ترقی کو روکنا ملک کی ترقی کوروکنا ہے۔

(جاری ہے)

سترہ سال سے مسلسل حکمرانی کرنے والی سندھ حکومت کی بیڈ گورننس نے انکے لئے ہر سطح پر سوال کھڑے کردیئے ہیں۔کراچی کو خواب دکھانا بند کریں۔سڑکیں بنائیں۔کے ایم سی کے فنڈز کا جواب دیں۔ ہم کے ایم سی کے اندرونی معاملات پر کوئی بات کئے بغیر میئر کراچی سے گڈ گورننس اور عملی کام کا مطالبہ کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی اپنے ٹانز میں کام کرے۔ کراچی کو سیاست کا مرکز بنانے کے بجائے خدمت اور ترقی کا مرکز بنائیں۔ پانی کی فراہمی میئر کے دور سے پہلے کبھی اتنی بد حالی کا شکار نہیں ہوئی۔ سڑکیں بنائیں کام کریں روز پریس کانفرنس کرنے کے بجائے روز کسی سڑک کی تعمیر کرتے ہوئے میڈیا پر آئیں۔