ْمقبوضہ کشمیر: کانگریس کا ریاستی حیثیت کی بحالی کیلئے بھوک ہڑتال دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

جمعہ 10 اکتوبر 2025 17:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں انڈین نیشنل کانگریس نے جموںوکشمیر کی ریاستی شناخت کی بحالی کیلئے بھوک ہڑتال دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس نے ریاستی شناخت کی بحالی کیلئے بھوک ہڑتال قدرتی آفت اور اس کے نتیجے میں وادی چناب اور جموں کے دیگر علاقوں اورمیں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی وجہ سے ملتوی کردی تھی ۔

(جاری ہے)

مقبوضہ جموں و کشمیر میں انڈین نیشنل کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ نے ایک بیان میں کہاہے کہ بھوک ہڑتال 18اکتوبر سے دوبارہ شروع کی جائیگی ۔انہوں نے پارٹی رہنمائوں اور ضلعی صدور پر زور دیا ہے کہ وہ ہماری ریاست ہمارا حق کے بینر تلے بھوک ہڑتال کے لیے تیاریاں مکمل کریں اور جموں و کشمیر کے ریاست کے درجے کی بحالی کا وعدہ پورا کرنے کیلئے مودی حکومت پردبائو بڑھائیں۔انہوں نے کہاکہ ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک بھارتی حکومت اپنا وعدہ پورا نہیں کرتی اور جموں و کشمیر کے وقار اور عزت کو بحال نہیں کیاجاتا۔