یونیورسٹی طالبہ انیقا سعید کی ہلاکت انتظامی غفلت کا نتیجہ ہے، راؤ عبد الرحمن

جمعہ 10 اکتوبر 2025 17:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) یوتھ ونگ کراچی کے صدر راؤ عبد الرحمن نے جامعہ کراچی کی طالبہ اور سوشل ورکر انیقا سعید کی افسوسناک ہلاکت پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور اسے یونیورسٹی انتظامیہ کی سنگین غفلت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں راؤ عبد الرحمن نے کہا کہ ایک فعال، باصلاحیت اور سماجی شعور رکھنے والی طالبہ کا اس طرح دنیا سے چلے جانا صرف اُس کے خاندان کے لیے نہیں، بلکہ پورے معاشرے کے لیے لمحہء فکریہ ہے۔

(جاری ہے)

اگر یونیورسٹی انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں وقت پر اور مؤثر انداز میں ادا کرتی تو شاید یہ افسوسناک سانحہ پیش نہ آتا۔انہوں نے انیقا سعید کے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور فوری کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کسی طالب علم یا طالبہ کی جان غفلت کے باعث ضائع نہ ہو۔راؤ عبد الرحمن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جمعیت علماء پاکستان (نورانی) یوتھ ونگ ملک بھر کے طلبہ و طالبات کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی اور تعلیمی اداروں میں تحفظ، سہولیات اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔