امت مسلمہ کو مبارک ہو غزہ میں جنگ بندی ایک خوش آئین عمل ہے،ثروت اعجاز قادری

جمعہ 10 اکتوبر 2025 19:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) پاکستان سنی تحریک نے تمام امت مسلمہ کو فضا میں جنگ بندی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی امت مسلمہ کے لیے خوش آئین پیش رفت ہے۔سربراہ پاکستان سنی تحریک چیئرمین انجینیئر محمد ثروت اعجاز قادری نے جنگ بندی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتِ مسلمہ کو مبارک ہو، غزہ میں جنگ بندی ایک خوش آئین اور حوصلہ افزا عمل ہے۔

عالمی دبا اور عوامی مزاحمت کے نتیجے میں یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے،جو مظلوم فلسطینی عوام کے صبر و استقامت کی جیت ہے۔انہوں نے کہا کہ معصوم اور مظلوم فلسطینیوں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا،صیہونی مظالم کے خلاف پوری دنیا میں آواز بلند ہو چکی ہے۔وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری فلسطینی ریاست کے قیام کو تسلیم کرے اور اسرائیلی جارحیت کے مستقل خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کی شرائط کے تحت مغویوں کی رہائی کا معاہدہ ہونا خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پیشرفت امن کی جانب ایک مثبت قدم ہے اور اس سے خطے میں انسانی بحران میں کمی کی امید پیدا ہوئی ہے۔مسلسل جدوجہد اور امت مسلمہ کی دعاوں سے فلسطینی عوام کے لیے انصاف کے دروازے کھل رہے ہیں، ان شااللہ جلد مکمل آزادی فلسطینیوں کا مقدر بنے گی۔

مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت مشترکہ ٹاسک فورس کی تشکیل ایک مثبت اور خوش آئند قدم ہے۔ اس فورس کا قیام امن و استحکام کے عمل کو مثر بنانے اور معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔تمام فریقین کو چاہیے کہ وہ باہمی اعتماد اور تعاون کے ساتھ آگے بڑھیں تاکہ علاقے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔یہ اقدام خطے میں انسانی جانوں کے تحفظ اور ظلم و بربریت کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔