نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی تجارتی لین دین کا اجلاس، سرکاری اداروں کی نجکاری پر پیش رفت کا جائزہ

جمعہ 10 اکتوبر 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی تجارتی لین دین کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی نے سرمائے کی منتقلی کے عمل کو شفاف اور موثر بنانے، کارکردگی میں بہتری لانے اور اقتصادی اصلاحات کے تحت نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے بین الحکومتی معاہدوں کو حتمی شکل دینے پر غور کیا۔

نجکاری ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ سمری پر کمیٹی نے فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ (ایف ڈبلیو بی ایل) کی حوالہ قیمت کی منظوری دی جو پاکستان کے بینکاری شعبے میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ، معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے ریلوے، سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری نجکاری اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔