کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور اور آرپی او ذیشان اصغر کی میونسپل کمیٹی سمندری میں کھلی کچہری

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 16:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پرکمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور اور آرپی او ذیشان اصغر نے میونسپل کمیٹی سمندری میں کھلی کچہری لگائی۔کمشنر کھلی کچہری میں سائلین کے مسائل سننے ان کی نشستوں پر گئے۔درخواست گزاروں نے میونسپل سروسز کی فراہمی،سیوریج سسٹم،سیم نالہ کے مسائل پیش کئے اورسائلین کی طرف سے ونڈا جات کے کیسز،محکمہ مال سے متعلقہ امور کی بھی نشاندہی کی گئی۔

کمشنر نے درخواستوں پر متعلقہ افسران سے تعمیلی رپورٹ بھی طلب کی۔کمشنر نے 50 سے زائد درخواست گزاروں کے مسائل فردا فردا سنے۔آرپی او کو کھلی کچہری میں 42 شکایات پیش کی گئیں۔درخواستیں مزید انکوائری کے لئے متعلقہ پولیس آفیسرز کے سپرد کردی گئیں۔

(جاری ہے)

کمشنر فیصل آباد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر ڈویزن کی ہر تحصیل میں مرحلہ وار کھلی کچہریاں لگائی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ان کی دہلیز پر جارہے ہیں جبکہ یونین کونسل کی سطح پر بھی پہنچنے کا ارادہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ سمندری کے لئے پنجاب سیٹیز پروگرام منظور ہوگیا ہے۔پروگرام پر اگلے ماہ سے عملدرآمد ہوگا۔پی سی پی پروگرام سے شہر کی گلیاں،سیوریج سسٹم اپ گریڈ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مین شاہرات کی مرمت وبحالی کے لئے بھی ہائی ویز کے زیراہتمام اقدامات جاری ہیں۔

کمشنر نے کہا کہ قبضہ مافیا کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتہ سے سمندری میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران عوامی خدمت کے لئے موجود ہونگے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی،انہار سمیت دیگر متعلقہ محکموں کو ٹاسک تفویض کئے ہیں۔کمشنر نے کہا کہ درخواست گزاروں کے مسائل کے حل تک چین سے نہیں بیٹھوں گااور پیش کردہ درخواستوں کو میرٹ پر ترجیحی بنیادوں پر نمٹایاجائے گااور ہر سائل کو اسکی پیشرفت سے آگاہ رکھیں گے۔

کمشنر فیصل آباد نے جنرل بس سٹینڈ کا بھی دورہ کیا اورویٹنگ ایریاز میں مسافروں کے لئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔وہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بھی گئے اورہسپتال کے مختلف شعبوں میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کو علاج معالجہ کی فراہمی میں تعطل نہیں آنا چاہیے۔کمشنر نے مریضوں و لواحقین سے ادویات ملنے کے بارے میں دریافت کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ڈاکٹرز ودرکار مشینری کی کمی کو پورا کرایا جائے گا۔انہوں نے میڈیکل ایمرجنسی سروسز کو ہمی وقت چوکس رکھنے کا حکم دیا۔ کمشنر نے گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر کا بھی دورہ کیااورمیوزک کلاس میں خصوصی بچوں سے ملاقات کرکے ان کی تعلیم وتربیت کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔انہوں نے شہباز شریف پارک میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اور کہا کہ پارکس کو حقیقی معنوں میں عوام کے لئے تفریح گاہ بنایا جائے۔

کمشنرنے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا دورہ کرکے پلانٹ کے فعال ہونے کو چیک کیا۔کمشنر نے فیصل آباد روڑ پر مرکزی جنازہ گاہ سے ملحقہ قبرستان کا بھی دورہ کیا اور کھلی کچہری میں پیش کی گئی درخواست کے مطابق مذکورہ مقام دیکھا۔کمشنر نے زیرتعمیر ٹراما سنٹر کا دورہ بھی کیا اورکہا کہ ٹراما سنٹر کو مکمل کرانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔